Get Alerts

لوک سبھا کے انتخابات میں شکست، راہول گاندھی کا پارٹی صدارت سے مستعفی ہونے کا امکان

بھارتی لوک سبھا کے انتخابات میں ناکامی کے بعد انڈین نیشنل کانگریس کے  شکست خوردہ امیدواروں کی جانب سے مستعفی ہونے کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ راہول گاندھی پارٹی صدارت چھوڑ دیں گے۔

ویب سائٹ این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق، کانگریس کے رہنمائوں کی ایک بڑی تعداد پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے رہی ہے جن میں بالی ووڈ اداکار راج ببر بھی شامل ہیں جو اترپردیش میں کانگریس کے ریاستی سربراہ تھے۔

اخبار انڈیا ٹو ڈے نے اپنی ایک رپورٹ میں یہ امکان ظاہر کیا ہے کہ راہول گاندھی پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے اجلاس کے دوران اپنا استعفیٰ پیش کر دیں گے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنوں کا جشن فتح


یاد رہے کہ کانگریس کو لوک سبھا کے گزشتہ انتخابات کی طرح رواں انتخابات میں بھی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق، بی جے پی کو اب تک لوک سبھا کی 302 نشستوں پر اکثریت حاصل ہے جب کہ کانگریس کے حصے میں صرف 52 نشستیں ہی آ سکی ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ میں یہ کہا گیا ہے کہ کانگریس اور اس کی اتحادی جماعتوں کو تمل ناڈو، کیرالہ، پدوچیری، پنجاب، جزائر انڈیمان و نکوبار، لکشادیپ اور میگھالیہ میں قلیل مارجن کے ساتھ برتری حاصل ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی نے انتخابات میں کامیابی کے بعد کہا ہے، یہ مثبت سیاست اور نریندر مودی کی پالیسیوں کے لیے ایک بڑا مینڈیٹ ہے۔