پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق ایم پی اے فرح آغا سمیت دیگر خواتین کی مبینہ آڈیو لیک ہو گئی جس میں سابق خواتین ایم پی ایز کی جانب سے جی ایچ کیو پر دھاوا بولنے سے متعلق گفتگو کی گئی۔
عمران خان کی گرفتاری کے تناظر میں منظر عام پر آنیوالی آڈیو میں سابق ایم پی اے فرح آغا مختلف خواتین کارکنوں کو کنول شوذب کا پیغام دے رہی ہیں۔ آڈیو میں پی ٹی آئی کی سابق ایم پی اے فرح اور سبرینا نامی خاتون کو گفتگو کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔
فرح آغا خواتین کارکنان کو کہہ رہی ہیں کہ کنول شوذب نے کہا ہے کہ جی ایچ کیو کی طرف آنا ہے۔
فرح دوسری خاتون کو مبینہ آڈیو میں بتارہی ہیں، اب ”جی ایچ کیو“ پہنچنا ہے۔ میں بھی نکل آئی ہوں کیونکہ میم کنول نکلی ہوئی ہیں۔
فرح آغا کا مزید کہنا تھا کہ انٹرنیٹ نہیں چل رہا ساری سروسز بند ہیں۔
فرح آغا پی ٹی آئی ویمن ونگ کی ڈپٹی جنرل سیکرٹری فرخندہ سے بھی بات کر رہی ہیں، جس میں ان کا کہنا تھا کہ لیاقت باغ والی جگہ پر اتنی بری شیلنگ ہو رہی ہے۔ پولیس اور لڑکوں کی لڑائی ہو رہی ہے۔ صدر جانے کے سارے راستے بند ہیں۔ فیض آباد میں راشد حفیظ، شفیق اور سماویہ ہے۔ سماویہ ہیروئن بنی آگے آگے جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں نے پرتشدد احتجاج کیا۔ عسکری اور نجی املاک پر حملے کئے، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ بھی کیا تھا۔
9مئی کو ہونے والے پر تشدد مظاہروں اور فوجی تنصیبات پر حملوں کے بعد گرینڈ آپریشن جاری ہے جس میں متعدد پی ٹی آئی رہنماگرفتار ہو چکے ہیں جبکہ کئی قریبی ساتھیوں نے چیئرمین تحریک انصاف کا ساتھ چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔