Get Alerts

فیض حمید عمران خان کو مائنس کر کے ان کی جگہ لینا چاہتے ہیں: فیصل واوڈا

فیض حمید عمران خان کو مائنس کر کے ان کی جگہ لینا چاہتے ہیں: فیصل واوڈا
سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو 190 ملین پاؤنڈ کیس کا ماسٹر مائنڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سکینڈل سے سب سے زیادہ فائدہ سابق ڈی جی آئی آیس آئی فیض حمید نے اٹھایا۔

سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں نیب راولپنڈی پیش ہو ئے۔ انہوں نے بطور گواہ اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا۔

نیب میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ  190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں کرپشن ڈھونڈنا کوئی راکٹ سائنس نہیں۔ جب یہ معاملہ چلا تو میں وفاقی وزیر تھا۔ کابینہ کے اجلاس میں ایک بند لفافہ دکھا کر جلدی جلدی نمٹادیا گیا۔ میں واحد وزیر تھا جس نے اس تمام معاملے کی مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ یہ نیب کیس بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ میں جو بند لفافہ دکھایا گیا وہ ایجنڈے کا حصہ نہیں تھا۔ اس پر کہا کہ جب فیصلہ ہی کرانا تھا تو خود ہی کرلیتے۔ اس معاملے میں اہم کاروباری شخصیت کو مورد الزام نہیں ٹھہراتا۔ اس کیس میں زلفی بخاری اور شہزاد اکبر کا نام آرہا ہے۔

فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ ایک شخصیت کو سب بھول گئے جس نے اس سکینڈل سے سب سے زیادہ فائدہ لیا۔ اس کیس میں سب سے زیادہ کرپشن فیض حمید نے کی۔ اس سارے معاملے کا ماسٹر مائنڈ فیض حمید ہے۔ اب تک کسی نے فیض حمید کا نام نہیں لیا۔ شہزاد اکبر اور کچھ آدمیوں کو بھگانے میں بھی فیض حمید کا ہاتھ ہے۔ فیض حمید کی باقیات سینیٹ اور دائیں بائیں موجود ہیں چاہے سیاستدان ہوں یا بیوروکریٹ احتساب سب کا ہوگا ۔ کرپشن کی پہلی سیڑھی میں نے قوم کے سامنے رکھ دی ہے۔ ابھی میں ان کے پاکستان کے اثاثوں کی بات کررہا ہوں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ مجھے نیب کی جانب سے طلب کیا گیا اس حوالے سے مجھ سے بہت تفصیل سے سوالات ہوئے ہیں۔ نیب کو سب کچھ تحریری طورپر دیا ہے اور اس پر دستخط کیے ہیں۔ مجھے کوئی دستاویز دینے کی ضرورت نہیں ہے۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ مجھے کوئی دستاویز دینے کی ضرورت نہیں میں نے بیان ریکارڈ کروا دیا۔ اربوں روپے کا یک دم فائدہ اچانک نہیں ہوا یہ پلان شدہ تھا۔ میں نے پہلے کہا تھا فیض حمید عمران خان کو مائنس کر کے انکی جگہ لینا چاہتے ہیں۔ 9 مئی کو املاک کو نقصان پہنچانے اور فساد کا پلان بہت پہلے سے تیار ہو رہا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرانے عمران خان نے جو سکھایا وہ فرض آج پورا کردیا۔ اب تک ذمہ داری کا مظاہرہ کرتا آیا ہوں۔ میں کسی کے کہنےپر کچھ نہیں کہتا۔ آج پہلا قدم اٹھالیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں فیصل واوڈا نے کہا کہ صدر عارف علوی نے جو کام کیا وہ دشمن بھی نہیں کرسکتا۔ اس مس انڈر اسٹینڈنگ میں سب سے بڑا رول ایوان صدر اور عارف علوی کا ہے۔