ایلون مسک کی زیر ملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس میں پبلک لائیکس کا آپشن ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایکس میں پبلک لائیکس کے آپشن کو ختم کیا جا رہا ہے۔ پبلک لائیکس سے مراد صارف کے پروفائل پیج میں موجود وہ سیکشن ہے جس میں ان تمام پوسٹس کا ریکارڈ ہوتا ہے جو صارف نے لائیک کی ہوتی ہیں۔
ایکس کے ایک عہدیدار نے اعلان کیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں پبلک لائیکس کو پرائیویٹ کیا جا رہا ہے۔
ایکس کے ڈائریکٹر آف انجینئرنگ ہاؤفی وانگ نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں صارفین کے پروفائل پیج سے پبلک لائیکس کو ہٹایا جا رہا ہے۔ اس تبدیلی کے بعد کوئی یہ نہیں جان سکے گا کہ آپ نے دیگر صارفین کی کونسی پوسٹس کو لائیک کیا۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
انہوں نے ایک ایکس پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ہم لائیکس کو پرائیویٹ کر رہے ہیں کیونکہ پبلک لائیکس کے باعث بیشتر افراد کسی پوسٹ کو لائیک کرنے سے گھبراتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت جلد صارفین کسی پریشانی کے بغیر اپنے پسندیدہ مواد کو لائیک کر سکیں گے۔
اس پوسٹ کو ایلون مسک نے بھی لائیک کیا جو ان کے پروفائل پیج کے پبلک لائیکس سے معلوم ہوا۔ ایکس کی جانب سے پہلے ہی پریمیئم صارفین کو پبلک لائیکس چھپانے کا آپشن فراہم کیا جاچکا ہے مگر اب یہ فیچر تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جارہا ہے۔