’شہباز شریف جو سوچ کر آئے تھے اس کا جنازہ نکل چکا ہے‘

’شہباز شریف جو سوچ کر آئے تھے اس کا جنازہ نکل چکا ہے‘
وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی اپنی بھتیجی سے نہیں بن رہی دونوں ایک دوسرے کے دشمن ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف جو سوچ کر آئے تھے اس کا جنازہ نکل چکا ہے۔ ان کی اپنی بھتیجی سے نہیں بن رہی دونوں ایک دوسرے کے دشمن ہیں، وہ کہتی ہیں کہ شاہد خاقان عباسی کو پارٹی صدر بنایا جائے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ شہباز شریف کا کیس سنجیدہ ہے، ان کا بچنا مشکل ہے باقی وہ کوئی دوسرا فارمولا اپنائیں جس کے تحت وہ ہمیشہ راستے نکالتے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے 15 ٹرینوں کی سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن حکومت نے لاک ڈاؤن کی پالیسی جاری رکھی ہے۔ ہم نے پیر (27 اپریل) سے ٹرینیں چلانی تھیں ہماری تیاری مکمل ہے، چین سے ملنے والے تھرمل گیٹس نصب کر دیے گئے ہیں جو 50 فٹ کے فاصلے سے کام کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سب ٹرینوں کی صفائی کر لی تھی لیکن حکومت نے کل لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کر دی تھی، اس لیے اب 10 مئی کو ٹرین سروس کی بحالی کا فیصلہ ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ موت کے سیزن اور عید کے سینزن میں ہمیں ایک ایسا راستہ اپنانا ہے کہ لوگوں کا کاروبار بھی چل سکے اور بیماری سے بھی جان چھوٹ سکے۔

شیخ رشید نے کہا کہ آئی پی پیز پر بہت لوگ باتیں کر رہے ہیں، یہ 6 ہزار ارب روپے کی کرپشن کا معاملہ ہے اس میں وزیر، فقیر، پیر جو بھی ہو گا سب رگڑے جائیں گے۔