چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔
ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں قید چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے سپریم کورٹ میں بیان حلفی جمع کرادیا۔
بیان حلفی میں کہا گیا ہے کہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ عمران خان کی صحت خراب ہورہی ہے اور ان کا وزن بھی کم ہوا ہے۔
اہلیہ کے مطابق 70سالہ شخص کی گرتی صحت ان کی زندگی کیلئےسنگین خطرہ ہے۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے جمع کروائے جانے والے بیان حلفی میں مزید کہا گیا ہے کہ مشکلات اور تاخیر کے باعث عمران خان سے22اگست کواٹک جیل میں ملاقات ہوئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی آئین اور قانون کی حکمرانی کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس جدوجہد میں قربانی دینے اور مشکل کا سامنے کرنےکیلئےپرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ فوجداری کیس میں 5 اگست کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا رکھی ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق جرمانہ نہ بھرا تو 6 ماہ مزید قید کی سزا سنائی جائے گی۔
علاوہ ازیں عمران خان 9 مئی کے پُرتشدد واقعات کے خلاف درج مقدمات میں بھی نامزد ملزم ہیں۔