Get Alerts

دوران ڈیوٹی شادی کی پیشکش قبول کرنے پر خاتون فوجی افسر گرفتار

دوران ڈیوٹی شادی کی پیشکش قبول کرنے پر خاتون فوجی افسر گرفتار
نائجیریا میں ایک خاتون فوجی افسر کو دوارن ڈیوٹی ایک نوجوان سپاہی کی جانب سے شادی کی آفرقبول کرنے پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔

نائجیریا کی ملٹری ٹریننگ اکیڈمی میں تعینات خاتون افسر سوفیات اکنلابی کو وہاں زیرِ تربیت ایک نوجوان سپاہی نے شادی کی پیشکش کرتے ہوئے انگوٹھی دی جو انہوں نے خوشی خوشی پہن لی۔

ان خوبصورت اور یادگار لمحات کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں وہ اپنے فوجی یونیفارم میں دیکھی جاسکتی ہیں جبکہ ارد گرد دوسرے فوجی بھی موجود ہیں اور ان دونوں کو مبارکباد دے رہے ہیں جلد ہی یہ خبر نائجیرین فوج کے اعلیٰ حکام تک بھی پہنچ گئی، جس کے چند روز بعد سوفیات کو فوجی نظم وضبط کی خلاف ورزی پر گرفتار کرلیا گیا۔

ان پر الزام ہے کہ جب انہوں نے شادی کی یہ پیشکش قبول کی، اس وقت وہ ڈیوٹی پر تھیں اور فوجی یونیفارم میں بھی تھیں، جبکہ نوجوان سپاہی ان کا زیرِتربیت شاگرد تھا۔

نائجیرین آرمی کے ایک جنرل نے بی بی سی کو بتایا کہ ’’ٹرینر کا مقصد نوجوان سپاہیوں کو تربیت دینا ہوتا ہے نہ کہ ان کے ساتھ عشق و محبت کی پینگیں بڑھانا، یہ ادارہ جاتی نظم و ضبط، بالخصوص ملٹری ڈسپلن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔‘‘

سوفیات کے گرفتار ہونے کی خبریں بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئیں اور نائجیریا کی مختلف مشہور شخصیات نے سوفیات کو رہا کرنے کا مطالبہ شروع کردیا ہے۔

یہی نہیں بلکہ سوفیات کا کورٹ مارشل رکوانے کے لیے سوشل میڈیا پر ایک پٹیشن بھی دائر کردی گئی ہے جس میں نائجیرین فوج کے سربراہ فاروق یحیٰی سے درخواست کی گئی ہے کہ سوفیات کو رہا کیا جائے اور کسی کی بے ضرر ذاتی خوشی کو فوجی نظم و ضبط کا مسئلہ نہ بنایا جائے۔

پٹیشن میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا گیا ہے کہ نائجیریا کے اپنے قانون کے مطابق، کوئی بھی بالغ عورت اپنی پسند کے کسی بھی بالغ مرد سے شادی کرنے کی مکمل آزادی رکھتی ہے۔

اس پٹیشن پر اب تک ہزاروں افراد دستخط کرچکے ہیں لیکن سوفیات اب بھی قید میں ہیں نائجیرین میڈیا اس بارے میں بھی مکمل خاموش ہے کہ سوفیات کے کورٹ مارشل کی کارروائی کہاں تک پہنچی ہے۔