حکومت کا تنخواہ نہ ملنے پر صدمے سے مر جانے والے کیمرہ مین کے اہلخانہ کیلئے 10لاکھ امداد کا اعلان

حکومت کا تنخواہ نہ ملنے پر صدمے سے مر جانے والے کیمرہ مین کے اہلخانہ کیلئے 10لاکھ امداد کا اعلان
حکومت نے جاں بحق ہونے والے نجی ٹی وی کے کیمرہ مین کے لوحقین کے لیے 10 لاکھ دینے اور ان کے بھائی کو وزارت اطلاعات میں نوکری دینے کا اعلان کیا۔

گزشتہ روز نجی ٹی وی کے کیمرہ مین فیاض علی9 ماہ کی تنخواہ نہ ملنے اور نوکری سے فارغ کیے جانے کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔

متوفی فیاض علی کے اہل خانہ اور صحافیوں کے ہمراہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میڈیا مالکان اور صحافیوں کے ساتھ مل بیٹھ کر ان کی تنخواہوں کے مسائل کو حل کریں گے۔عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا حکومتی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا حکومت صحافیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔ان کے حقوق کے تحفظ لئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے اور مزید تکلیف دہ واقعات کے تدارک کی کوشش کریں گے۔

اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے حکومتی پالیسی کے اعلانات کے ساتھ اس سلسلے میں باقاعدہ وقت کا بھی اعلان کریں۔

صحافیوں نے انہیں کہا یہاں صرف ایک فیاض نہیں ہے بلکہ کئی فیاض کھڑے ہیں۔صحافیوں نے ان سے گزارش کی کہ اس کے معاملے کا باقاعدہ حل نکالیں۔جس پر فردوس عاشق نے کہا کہ وہ پیر کو تمام ٹی وی چینلز مالکان کے ساتھ بیٹھ کر ڈیٹا جمع کررہی ہیں جس میں پتہ کیا جائے گا ان کے پاس کتنے صحافی رجسٹرڈ ہیں ، انہیں تنخواہوں کی فراہمی کس طرح کی جا رہی ہے۔

فردوس عاشق نے اس بات کی تردید کی کہ حکومت نے کسی بھی ادارے کے اشتہار روکے ہوں۔انہوں نے کہا کہ چیک اینڈ بیلنس ہونا چاہئے کہ جو چینل اربوں کے اشتہار چلا رہے ہیں وہ تنخواہیں کیوں نہیں اداکررہے۔فردوس عاشق نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے میڈیا ہاوسز کو پندرہ فیصد اشتہار دیئے جاتے ہیں باقی پچاسی فیصد پرائیویٹ سیکٹر سے ملتے ہیں،انہوں نے کہا کہ میڈیا ہاوسز بھی ملک میں جاری مالی مسائل سے متاثرہوئے ہیں اس لئے ایک بحران کو حل کرنے کیلئے دوسرے بحران کو شروع نہیں کیاجائے گا۔

اس سے قبل معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سینئر صحافی حنیف خالد کی کتاب کی رونمائی کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ پہلی مرتبہ نیشنل میڈیا پالیسی لے کر آ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہ میڈیا پالیسی ہر صحافی کے لیے سود مند ہوگی، جو لوگ قلم کی طاقت سے معاشرے کو بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں وہ ہمیشہ آباد رہتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ حنیف خالد کے قلم کی کاٹ تلوار سے کم نہیں ہے، توقع کرتے ہیں کہ صحافی اپنے قلم سے سچ لکھیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم عمران خان صحافی برادری کو طاقت ور بنانے کے لیے کوشاں ہیں،حکومت ایسا روڈ میپ تشکیل دے رہی ہے جس میں صحافت طاقتور ہوگی۔