وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کو دورہ امریکا پر اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ حالیہ دورہ اپنی نوعیت کا کامیاب دورہ ہے۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے کابینہ کو بتایا کہ دورہ امریکا اپنی نوعیت کا کامیاب دورہ ہے، امریکی صدر کے ساتھ کامیاب میٹنگ ہوئی، مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں پاکستان نےبھرپور کردار ادا کیا جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ ریگولیٹری اتھارٹیز کا انتظامی کنٹرول کابینہ ڈویژن کے ماتحت کرنے اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے چیئرمین کے ایڈیشنل چارج کی توسیع پر بھی غور کیا گیا۔
اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے قرضوں پر تحقیقاتی کمیشن کے سیکرٹری کی تبدیلی اور اکیڈمی آف لیٹرز کے چیئرمین کی تقرری کے لیے ریکروٹمنٹ رولز میں تبدیلی کی منظوری بھی دی۔
وفاقی کابینہ نے 17 جولائی کو ہونے والے ای سی سی اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی اور وزیرمواصلات کی جانب سے پاکستان پوسٹ کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔