کابینہ اجلاس، فواد چودھری کی وزارت خطرے میں

اقتدار کی غلام گردشوں میں اختلافات شدت اختیار کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں جس کا اظہار وفاقی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں بھی ہوا جب وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

اسد عمر پاکستان پیپلز پارٹی کے معاملے پر فواد چودھری  کے نرم رویے پر نالاں نظر آئے۔

https://youtu.be/Iwbqi4Z0fVw

انہوں نے شکوہ کیا کہ آپ پیپلز پارٹی کی قیادت کو مناسب جواب نہیں دیتے جس پر فواد چودھری طیش میں آ گئے اور انہوں نے اسد عمر کو مخاطب کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا، میں آپ کی ہدایات پر عمل نہیں کر سکتا جس کے بعد وفاقی کابینہ کے دونوں اہم ارکان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری اور وزیر ریلوے شیخ رشید کے درمیان بھی ماضی میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوتا رہا ہے جس پر وزیر موصوف نے کہا تھا، شیخ رشید کے لیے عہدہ چھوڑ کر خوشی ہوگی۔ بعدازاں، ان کی وزیراعظم عمران خان کے مشیر نعیم الحق کے ساتھ بھی پی ٹی وی کے ایم ڈی کی تعیناتی پر تنازع ابھرا تھا۔



باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان فواد چودھری کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں اور بہت جلد ان سے اطلاعات کی وزارت کا قلمدان واپس لیا جا سکتا ہے۔