پی ٹی آئی کا جلسہ، صوبائی وزیر عامر میر کی رُکاوٹیں لگا کر راستے بند کرنے کی افواہوں کی تردید

پی ٹی آئی کا جلسہ، صوبائی وزیر عامر میر کی رُکاوٹیں لگا کر راستے بند کرنے کی افواہوں کی تردید
حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مینار پاکستان پر جلسے سے قبل لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا تاہم صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر کی جانب سےرُکاوٹیں لگا کر لوگوں کو پی ٹی آئی کے جلسے میں جانے سے روکنے کی سختی سے تردید کر دی گئی۔

وزیر اطلاعات عامر میر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پولیس نے لاہور میں جلسہ گاہ کی طرف جانے والے راستے بند نہیں کئے۔ دہشت گردی کے حوالے سے سیریس تھریٹ الرٹس جاری ہونے کے بعد مخصوص مقامات پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کچھ کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔

عامر میر  نے کہا کہ عوام کو سیکیورٹی فراہم کرنا اور ان کی جانوں کو محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ عوامی اجتماعات کی صورت میں دہشتگردی کے خطرات بھی بڑھ جاتے ہیں اس لیے کسی قسم کا رسک نہیں لینا چاہتے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہریوں کو تحفظ دینے کے لیے چیکنگ کی جا رہی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔ کسی بھی سیاسی جماعت کے کارکنوں کو جلسے میں شمولیت سے نہیں روکا جا رہا۔

انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے جاری کردہ 'تھریٹ الرٹ' کی کاپی نیا دور کو  موصول ہو گئی۔ اس کے مطابق باوثوق ذرائع سے علم ہوا ہے کہ دشمن عناصر موجودہ سیاسی پولرائزیشن، امن و امان یا سیکورٹی کی صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کسی ایک سیاسی جماعت کی قیادت کے اجتماعات کو نشانہ بنا کر ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دشمن عناصر نے پاکستان میں عدم استحکام کو کسی بھی طریقے سے متاثر کرنے کے لیے تحریک طالبان پاکستان کے اہم کمانڈر اور جماعت الاحرار کے مرکزی کمانڈر مکرم خراسان سے رابطہ کیا ہے اور خاص طور پر چند اہداف مقرر کیے ہیں جن میں پی ٹی آئی چیئرمین، زمان پارک کے باہر لوگوں کا جمع ہونا، مینار پاکستان پر پی ٹی آئی طے شدہ اجتماع، اور پی ٹی آئی کا جلسہ شامل ہے۔



پنجاب کے کاونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ دہشت گرد تنظیموں سے وابستہ شرپسندوں نے خاص طور پر لاہور میں سیاسی جلسوں کی سیکیورٹی کے لیے تعینات پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران یا اہلکاروں پر دہشت گرد حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس مقصد کے لیے دہشت گرد عناصر بارودی مواد کے ساتھ پہلے ہی لاہور پہنچ چکے ہیں تاکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اجتماعات بالخصوص بڑے اجتماعات یا ریلیوں کو نشانہ بنایا جا سکے۔



دوسری جانب پی ٹی آئی کے جلسے سے قبل لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

مینارپاکستان گراؤنڈ جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے جب کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کنٹینر لگائے گئے ہیں۔

راوی پل اور ریلوےاسٹیشن سےمینارپاکستان جانے والے راستے بند ہیں جب کہ شاہ عالم مارکیٹ میں بھی کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ سگیاں پل، انجینئرنگ یونیورسٹی روڈ کےراستے بند ہیں۔ شاہدرہ، راوی ٹول پلازہ، بتی چوک سے مینارپاکستان جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگاکربند کیا گیا ہے جب کہ نیازی چوک، دہلی دروازہ اور دوموریہ پل کو بھی بند کردیاگیا ہے۔

انچارج میٹرو بس کے مطابق جلسے کے باعث میٹروبس کا روٹ مختصر کیا گیا ہے اور میٹروبس گجومتہ سے ایم اے او کالج تک چلائی جارہی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے  پی ٹی آئی کوآج رات مینارپاکستان پرجلسےکی اجازت دے گئی ہے۔

علاوہ ازیں فیصل آباد پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو روکنے کیلئے موٹر ویز بند کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کیلئے پولیس کی بھاری نفری موٹر وے پر تعینات کی جائے گی۔

فیصل آباد پولیس کے مطابق موٹر ویز پر کنٹینرز بھی پہنچادیئے گئے ہیں۔ کمالپور، ڈپٹی والا اور جڑانوالہ انٹر چینجز پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جارہی ہے۔

پی ٹی آئی کارکنوں کو روکنے کیلئے فیصل آباد پولیس کی نفری ساہیانوالہ اور امین پور انٹرچینج پر بھی پہنچ گئی ہے۔

اس سے قبل سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پارٹی کارکنان سے آج لاہور میں مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ آج رات مینارِپاکستان پر ہمارا جلسہ پچھلے تمام ریکارڈز توڑ دےگا۔

عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ آج رات مینارِ پاکستان پر ہمارا چھٹا جلسہ ہےاور میرا دل کہہ رہا ہےکہ یہ پہلے تمام ریکارڈز توڑ دے گا۔ میری لاہور میں سب کو دعوت ہےکہ نمازِ تراویح کے بعد اس تاریخی جلسے میں شریک ہوں۔

https://twitter.com/ImranKhanPTI/status/1639419073179312128?s=20

انہوں نے کہا کہ میں حقیقی آزادی کے اپنے ویژن پر روشنی ڈالوں گا اور اپنی قوم کو بتاؤں گاکہ ہم پاکستان کو تباہی کی اس دلدل سے کیسےنکالیں گے جس میں مجرموں کے اس گروہ نے ملک کو دھکیلا ہے۔

سابق وزیراعظم نے خدشہ ظاہر کیا کہ لوگوں کوجلسے میں شرکت سے روکنے کے لیے یہ مجرم ہرطرح کی رکاوٹ ڈالیں گے مگر میں سب کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ ایک سیاسی اجتماع میں شرکت آپ کا بنیادی حق ہے، چنانچہ اپنا حق استعمال کیجئےاور مینارِ پاکستان کےاس تاریخی اجتماع میں شریک ہوں۔

پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق ریلی کا آغاز آج نماز تراویح کے بعد رات 9 بجے ہوگا۔