جیالے شاعر کی وزیر اعلیٰ پنجاب کیخلاف تقریر پر گرفتاری و رہائی

جیالے شاعر کی وزیر اعلیٰ پنجاب کیخلاف تقریر پر گرفتاری و رہائی
ڈی جی خان کی تحصیل تونسہ میں پیپلز پارٹی کے رہنما اور مقامی شاعر محبوب تابش کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف تقریر کرنے پر حراست میں لے لیا گیا ، تاہم ادیبوں اور شعراء کی تھانہ آمد کے بعد رہا کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ رات تونسہ میں اقبال سوکڑی نامی شاعر کی کتاب کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی جس میں شرکت کرنے والے دیگر مقررین کے علاوہ مقامی شاعر اور پیپلز پارٹی کے رہنما محبوب تابش نے بھی تقریر کی۔

محبوب تابش نے اپنی تقریر میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، لغاری سردار اور مزاری سردار میر بلخ شیر مزاری کے خلاف اپنی تقریر میں نازیبا الفاظ استعمال کیے۔

https://twitter.com/FarhanKVirk/status/1198537055644590080?s=20

اس موقع پر تقریب میں موجود کچھ لوگ اٹھ کر مقرر سے جھگڑنے لگے، تقریب میں ملتان میں تعینات ایس پی ظفر بزدار بھی موجود تھے۔

ایس پی ظفر بزدار نے مقامی پولیس کو محبوب تابش کی گرفتاری کے احکامات دیئے، البتہ مقامی پولیس نے ان کی گرفتاری کی خبر کی تردید کی ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے حالات کشیدہ ہونے کے پیش نظر مقامی شاعر محبوب تابش کو حفاظتی تحویل میں لے لیا تھا تاہم بعد میں شعراء اور ادیبوں کے تھانے آمد کے بعد ان کے حوالے کردیا تھا۔