مذاکراتی سیاسی تصفیے کے ذریعے ہی افغانستان میں پائیدار امن کا حصول ممکن ہے،چار فریقی اجلاس کا اعادہ

مذاکراتی سیاسی تصفیے کے ذریعے ہی افغانستان میں پائیدار امن کا حصول ممکن ہے،چار فریقی اجلاس کا اعادہ
افغان امن عمل کے بارے میں چار فریقی اجلاس نے اعادہ کیا ہے کہ مذاکراتی سیاسی تصفیے کے ذریعے ہی افغانستان میں پائیدار امن کا حصول ممکن ہے۔ پاکستان 'روس' چین اور امریکہ کے خصوصی نمائندوں نے افغان مسئلے پر چوتھی بار مشاورت کیلئے آج ماسکو میں ملاقات کی۔

ایک مشترکہ بیان کے مطابق انہوں نے افغانستان کی موجودہ صورتحال اور سیاسی اور سفارتی طریقوں سے ملک میں پائیدار تصفیئے تک پہنچنے کے لئے مشترکہ کوششوں کا جائزہ لیا۔شرکاء نے ایک جامع اور پائیدار امن معاہدے کے لئے افغانستان اور طالبان کے ساتھ کام کرنے کا عزم ظاہر کیا جس کا مقصد تمام افغان باشندوں کے فائدے کے لئے جنگ ختم کرنا اور علاقائی استحکام اور عالمی سلامتی کی کوششوں میں کردار اداکرنا تھا۔

انہوں نے تمام فریقوں پر مذاکرات کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی غرض سے تشدد میں فوری کمی لانے پر زور دیا۔انہوں نے افغان حکومت اور طالبان سے کہا کہ وہ افغان دھڑوں کے درمیان مذاکرات کے آغاز پر قیدیوں کو رہا کریں۔روس' چین اور پاکستان نے امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکراتی عمل کی جلد بحالی اور معاہدے کیلئے اپنی حمایت کا اظہار کیا جس سے افغان دھڑوں کے درمیان مذاکرات شروع کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔انہوں نے پھر کہا کہ کسی بھی امن معاہدے میں تمام افغان باشندوں کے حقوق کا تحفظ شامل ہونا چاہیے۔