چینی خلائی ایجنسی کی جانب سے شئیر کی گئی چاند کی نئی تصویر دنیا بھر میں زیر بحث ہے، چاند کی سطح کی نئی تصویر چینی خلائی گاڑی یوٹو ڈوم لیونر لینڈر سے لی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چاند پر موجود چینی خلائی گاڑی یوٹو دوم لیونر لینڈر نے چاند کے ایک مقام پر ایک گڑھے میں عجیب و غریب شے دیکھی ہے۔ گزشتہ ماہ چینی خلائی ایجنسی نے اعلان کیا تھا کہ ان کے روور نے چاند کے ایک چھوٹے سے گڑھے کے عین درمیان ایک عجیب و غریب شے دیکھی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ یہ ساخت اور رنگت میں چاند کی مٹی سے قدرے مختلف ہے۔ اب اس کی تصویر بھی جاری کردی گئی ہے۔ یہ تصاویر خلائی جہاز کے ایک کیمرے سے لی گئی ہے۔ تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ شے گڑھے کے اندر موجود ہے۔
چینی خلائی ایجنسی کا کہنا ہے کہ گڑھے کی وجہ سے اس کے قریب جانا مشکل ہے اور اگر ایسا کیا گیا تو خلائی گاڑی الٹ سکتی ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ یہ ایک طرح کا قمری شیشہ ہے اور شاید کسی پتھر کے تصادم کے بعد دباؤ اور حرارت کی وجہ سے بنا ہے۔ تاہم چینی حکام نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی اس کی مزید تصاویر بھی جاری کریں گے کیونکہ وہ سورج کی روشنی اس جگہ پہنچنے کے منتظر ہیں۔