بھارت  کا  تاریخی خلائی مشن چندریان 3 چاند کی سطح پر لینڈ کر گیا

مشن چندریان 3 کی کامیاب لینڈنگ کے بعد انڈیا چاند کے قطب جنوبی حصے پر اترنے والا  دنیا کا پہلا ملک  بن گیا۔

بھارت  کا  تاریخی خلائی مشن چندریان 3 چاند کی سطح پر لینڈ کر گیا

دو ناکامیوں کے بعد بھارت  کا  تاریخی خلائی مشن ' چندریان 3 ' آج چاند کی سطح پر لینڈ کر گیا۔ مشن کی کامیاب لینڈنگ کے بعدانڈیا چاند کے قطب جنوبی حصے پر اترنے والا  دنیا کا پہلا ملک  بن گیا۔

بھارتی خلائی ادارے ( انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن - اسرو) نے چندریان 3 کے چاند پر لینڈ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بھارتیوں کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔

چندریان 3 مشن 14 جولائی کو دوپہر 2 بجے آندھرا پردیش کے ستیش دھون سپیس سینٹر سے ایل وی ایم 3 راکٹ کے ذریعے لانچ کیا گیا تھا۔ جبکہ بھارتی سپیس ایجنسی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ یہ 23 اگست کو چاند کی سطح پر اترے گا۔

چندریان تھری مشن ایک خلائی جہاز، چاند گاڑی اور روور کے ساتھ چاند کی جانب بھیجا گیا تھا۔

چندریان مشن چاند کے مدار میں 5 اگست کو داخل ہوا تھا۔ گزشتہ روز انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن ( اسرو) کی جانب سے چاند کے تاریک حصے کی نئی تصاویر جاری کی گئیں تھیں۔ یہ تصاویرچاند کے قطب جنوبی میں اترنے کے لیے بھیجے گئے چندریان 3 مشن نے کھینچی تھیں۔

چاند کے اس حصے کے بارے میں اب تک سب سے کم معلومات اکٹھی کی جا سکی ہیں۔ چاند کے جنوبی قطب میں پہاڑیوں کے باعث چندریان 3 کی لینڈنگ کافی مشکل ہوگی۔

یہ تصاویراس کیمرے نے کھینچی ہیں جو لینڈرکو چاند کی سطح پر اترنے کے لیے محفوظ مقام تلاش کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

نئی تصاویر اس وقت جاری کی گئی ہیں جب روس کا سپیس کرافٹ لونا 25 تکنیکی مسائل کے باعث چاند کی سطح پر گر کر تباہ ہوگیا۔

واضح رہے کہ بھارت اور روس کے درمیان چاند کے قطب جنوبی میں سب سے پہلے مشن اتارنے کا مقابلہ ہو رہا تھا۔جس میں روسی سپیس کرافٹ کو ناکامی کا سامنا ہوا۔

اسرو کی جانب سے لونا 25 مشن کی ناکامی کے بعد 21 اگست کو تصاویر جاری کرتے ہوئے بتایا گیا کہ چندریان 3 مشن آج چاند پر اترنے کے لیے تیار ہے۔

بھارت کی جانب سے 4 برسوں کے دوران چاند پر اترنے کی دوسری کوشش کی گئی جس میں کامیابی حاصل ہوئی۔اس سے قبل 2019 میں چندریان 2 مشن کا آربٹر کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل ہوگیا تھا۔ مگر لینڈر گر کر تباہ ہوگیا۔

اب تک صرف امریکا، چین اور روس چاند پر مختلف مشنز کامیابی سے اتار چکے ہیں۔ امریکہ اور روس دونوں کے چاند پر کامیابی سے اترنے سے پہلے کئی خلائی جہاز گر کر تباہ ہو چکے ہیں۔ چین واحد ملک ہے جو 2013 میں چانگ ای 3 مشن کے ساتھ اپنی پہلی کوشش میں کامیاب ہوا۔ چندیارن 3 کی کامیابی کے بعدبھارت چوتھا ملک بن گیا ہے۔