Get Alerts

عبدالغغفور حیدری کے بیان نے سازش پر مہر تصدیق ثبت کر دی: مریم نواز

عبدالغغفور حیدری کے بیان نے سازش پر مہر تصدیق ثبت کر دی: مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ کی رہنماء مریم نواز نے اپنے ٹوئیٹر اکاونٹ ایک ویڈیو شئیر کی ہے جس میں سابق جج اسلام آبادہائی کورٹ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے انکشافات  اور گزشتہ روز مولانا عبدالغفور حیدری کے نواز شریف کو انتقام کا نشانہ بنائے جانے پر دیا گیا انٹرویو شامل ہے۔ مریم نواز نے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ سب جانتے ہیں کہ نواز شریف کو انتقام کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے مگر ان تازہ بیانات نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی نا اہلی سمیت تمام سزائیں انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنا کر دی جاتی رہی ہیں۔ جبکہ نواز شریف سزایافتہ نہیں بلکہ انتقام یافتہ سیاستدان ہیں جو اللہ کے علاوہ کسی سے خوفزدہ نہیں۔

https://twitter.com/MaryamNSharif/status/1309456779814862849

یاد رہے کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ انٹیلیجنس کی طرف سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو کہا گیا کہ نواز شریف کی سزا کے خلاف بینچ میں انکا نام بطور جج شامل نا کیا جائے کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ انتخابات سے قبل نواز شریف اور انکی صاحبزادی جیل سے باہر آئیں۔ کل جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنماء مولانا عبدالغفور حیدری نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ سے ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ آرمی چیف نے انہیں کہا کہ ہم نواز شریف کے خلاف جو بھی کر رہے ہیں آپ اس میں مداخلت نا کریں۔

مریم نواز نے اپنی تازہ ٹویٹ میں ان دونوں ویڈیوز کو شامل کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے کہ نواز شریف کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔