تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بچے سمیت پانچ خواتین جاں بحق، 63 بکریاں اور تین اونٹ مر گئے۔
تفصیل کے مطابق تھرپارکر کے علاقوں مٹھی، چیلہار، اسلام کوٹ اور گردونواح میں تیز بارش کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے سے ایک 8 سالہ بچے سمیت 5 خواتین جاں بحق جبکہ دو خواتین زخمی ہو گئیں۔
مٹھی کے گائوں سوبھارو شاہ میں آسمانی بجلی گرنے سے دو خواتین جاں بحق ہوئیں، اس کے علاوہ گائوں سوبھارو شاہ میں خواتین کنویں سے پانی بھر رہی تھی کہ آسمانی بجلی ان پر آگری۔ جاں بحق خواتین میں 40 سالہ لالا بھیل اور 17 سالہ گڈی بھیل شامل ہیں۔
آسمانی بجلی گرنے کے افسوسناک حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمی خواتین کو سول ہسپتال مٹھی منتقل کیا گیا۔ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمی خواتین کا ہر ممکنہ علاج کیا جا رہا ہے جبکہ لاشوں کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ نے غم زدہ ورثا کو ایمبولینس فراہم نہیں کی جس کے بعد وہ اپنے پیاروں کی لاشیں اپنی مدد آپ کے تحت گائوں لے گئے۔
دوسری جانب اسلام کوٹ کے گائوں کونبھاریو میں کھیت میں موجود 28 سالہ خاتوں مراداں سموں اور 8 سالہ بچہ مزمل مومن سموں بجلی گرنے سے جاں بحق ہوئے۔
چھاچھرو کے گائوں پاڈیرال میں 17 سالہ لڑکی کملاں بھیل بھی آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہوگئی۔ آسمانی بجلی گرنے سے تین گائوں جیئندو درس، کبڑی اور چھہو سوٹہر میں 63 بھیڑ بکریاں اور 3 اونٹ بھی مر گئے۔ بارش وقفے وقفے سے مختلف علاقوں میں دن پھر برستی رہی جس سے تھرپارکر کے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔