Get Alerts

پاکستانی شہری ہو جائیں تیار، پیٹرول کے بعد گیس مہنگی کرنے کی تیاریاں

پاکستانی شہری ہو جائیں تیار، پیٹرول کے بعد گیس مہنگی کرنے کی تیاریاں
یکم نومبر سے گھریلو صارفین کیلئے گیس مہنگی کرنے کی تیاریاں کر لی گئی ہیں، گیس ریٹ میں اضافے کا اطلاق یکم نومبر سے 28 فروری تک ہو سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق پہلے دو سلیب والے گھریلو صارفین کیلئے گیس مہنگی نہیں کی جائے گی، ماہانہ 0.5 ہیکٹا میٹر کیوب گیس استعمال پر بھی اس کے ریٹ میں اضافہ نہیں ہوگا، جبکہ ماہانہ ایک ہیکٹو میٹر کیوبک استعمال پر ریٹ میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

ماہانہ 2 ہیکٹو میٹر کیوبک پر بل 3733 کی بجائے 4295 روپے جبکہ ماہانہ 3 ہیکٹو میٹر کیوبک کا ریٹ 738 کی بجائے 1000 روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ماہانہ 3 ہیکٹو میٹر کیوبک کا بل 8016 کی بجائے 10272 روپے، ماہانہ 4 ہیکٹو میٹر کیوبک کا ریٹ 14400 کی بجائے 19495 روپے، 4 ایچ ایم سے زائد پر ریٹ 1460 کی بجائے 2000 روپے اور ماہانہ 4 ایچ ایم سے زائد پر بل 25494 کی بجائے 34622 روپے کرنے کی تجویز ہے۔

خیال رہے کہ اشیائے خورونوش سمیت تمام ضروریات زندگی کی چیزوں کی قیمتوں میں اضافے نے پاکستانی عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ رواں ماہ 15 ستمبر کو ہی حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں پانچ روپے اضافہ کر دیا تھا جس کا اثر دیگر چیزوں پر بھی پڑا اور مہنگائی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پیٹرول کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ اب ایک لیٹر پیٹرول 123 روپے 30 پیسے میں فروخت ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت 5 روپے 46 پیسے اضافے کے بعد 92 روپے 26 فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 5 روپے ایک پیسے اضافے کے بعد 120 روپے 4 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 92 پیسے کا اضافے کے بعد 90 روپے69 پیسے ہو چکی ہے۔