پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں بتایا کہ گذشتہ 36 گھنٹے سے ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے لکھا کہ حاجی پیر سیکٹر میں پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک صوبیدار سمیت 3 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کر دیا جبکہ اس دوران کچھ بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دیوا سیکٹر میں بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے نائب صوبیدار کانڈیرو اور سپاہی احسان شہید ہو گئے۔
Indian CFVs along LOC during the last 36 hours. Responding to CFVs, in Haji Pir Sector Pakistan Army troops damaged Indian post killing 3 Indian soldiers including a Subedar, few injured too. In Dewa Sector Naib Subedar Kandero and Sepoy Ehsan of Pak Army embraced Shahadat. pic.twitter.com/yFuBqPgFVv
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) December 26, 2019
خیال رہے کہ چند روز قبل بھارتی آرمی چیف نے ایک بیان میں کہا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر حالات کسی بھی وقت کشیدہ ہو سکتے ہیں۔
بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی قسم کی کشیدگی نے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
جس کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ کہ پاکستانی افواج کسی بھی قسم کی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
بعد ازاں 21 دسمبر کو وزیراعظم عمران خان نے سخت بیان جاری کرتے ہوئے عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت کی جانب سے کوئی جعلی آپریشن کرنے کی کوشش کی گئی تو پاکستان کے پاس منہ توڑ جواب دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہوگا۔