عام انتخابات سے قبل سیاسی رہنماؤں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور ان کے کزن فوق شیرباز کے جہلم میں تمام تائید کندگان اور تجویز کندگان کو غیرقانونی طور پر گھروں سے اغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
سینئر صحافی اعزاز سید نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ فواد چوہدری اور انکے کزن فوق شیرباز کے تمام تائید کندگان اور تجویز کندگان کو گھروں سے اٹھا کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔اٹھائے جانے والوں میں چوہدری صابر حسین، نعمان اظہر، اورچوہدری مظہر گوندل شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات سے قبل اس طرح کی کارروائیاں پوری دنیا میں پاکستان کا مذاق اڑوا رہی ہیں۔ نجانے ہمارے فیصلہ ساز کب سبق سیکھیں گے؟
ابھی ابھی کسی متعلقہ زمہ دار نے بتایا ہے کہ جہلم میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور انکے کزن فوق شیرباز کے تمام تائید کندگان اور تجویز کندگان کو گھروں سے اٹھا کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔اٹھائے جانے والوں میں چوہدری صابر حسین ، نعمان اظہر، اورچوہدری مظہر گوندل شامل…
— Azaz Syed (@AzazSyed) December 25, 2023
اس سے قبل 22 دسمبر کو فواد چوہدری کے بھائی فراز چوہدری کو گرفتار کر لیا گیا۔ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے بھائی فراز چوہدری کو ضلع کچہری جہلم سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فرازچوہدری این اے 60 کے لیے فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لئے آئے ضلع کچہری آئے تھے۔
جہلم پولیس نے بتایا کہ فراز چوہدری متعدد مقدمات میں مطلوب ہیں۔ فراز چوہدری پی ٹی آئی جہلم کے سابق جنرل سیکریٹری تھے۔
بعدازاں فراز چوہدری کی اہلیہ بینا فراز نے الیکشن کمیشن میں رہائی کے لئے درخواست دائر کی تھی۔ بینا فراز کی جانب سے دائر درخواست میں فراز چوہدری کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 16 دسمبر کو نیب نے جہلم پنڈدادن روڈ کیس میں فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تھے جبکہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے وارنٹ تعمیل کروانے کی اجازت دے دی تھی۔
فواد چوہدری کے وارنٹ جہلم پنڈدادن روڈ کیس میں جاری کیے گئے تھے، وارنٹ گرفتاری میں کہا گیا تھا کہ فواد چوہدری کو گرفتاری کے بعد عدالت پیش کیا جائے، عدالت پیشی کے بعد انکوائری کا آغاز ہوگا۔
فواد چوہدری پر چکوال کے علاقے میں روڈ کی تعمیر میں کمیشن لینے کا الزام ہے، جس پر اُن کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔