Get Alerts

پیزا، چائے کا پروگرام کینسل: پی ڈی ایم 5 فروری کا جلسہ پنڈی کی بجائے مظفر آباد کرے گی

پیزا، چائے کا پروگرام کینسل: پی ڈی ایم 5 فروری کا جلسہ پنڈی کی بجائے مظفر آباد کرے گی
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ اگر یوم یکجہتی کشمیر راولپنڈی کے بجائے آزاد کشمیر میں ہو تو زیادہ بہتر ہوگا۔

اس کے بعد اسی حوالے سے وزیراعظم آزاد کشمیر اور شاہد خاقان عباسی نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات بھی کی جس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کیا۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے 5 فروری کے جلسے کا مقام تبدیل کر دیا ہے اور  اب یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جلسہ راولپنڈی کی بجائے مظفرآباد میں ہو گا۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا سابق صدر آصف علی زرداری سے بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں آصف زرداری نے وزیر اعظم عمران خان، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد لا نے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔


دونوں رہنماؤں نے سینیٹ الیکشن مشترکہ طور پر لڑنے کے حوالے سے بھی مشاورت کی جبکہ ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد اور سینیٹ الیکشن پر حتمی فیصلہ سربراہی اجلاس میں ہو گا۔