Get Alerts

شہباز شریف کا جھوٹی خبر شائع کرنے پر برطانوی اخبار کو قانونی کارروائی کا نوٹس

شہباز شریف کا جھوٹی خبر شائع کرنے پر برطانوی اخبار کو قانونی کارروائی کا نوٹس
شہباز شریف نے اپنے خلاف جھوٹی خبر شائع کرنے پر برطانوی اخبار "ڈیلی میل" کو قانونی کارروائی کا نوٹس بھیج دیا، شہباز شریف نے ڈیلی میل کے خلاف باضابطہ کارروائی کے لیے برطانیہ کی معروف لاء فرم کارٹر ریک کی خدمات حاصل کی ہیں، جو برطانیہ میں ان کا مقدمہ لڑے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کو قانونی کارروائی کا نوٹس بھیج دیا ہے۔ نوٹس ان کے لندن میں موجود وکلاء نے تیار کیا ہے اور اس میں اخبار کے رپورٹر ڈیوڈ روز کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ شہباز شریف نے قانونی نوٹس 14 جولائی 2019 کو شائع ہونے والی خبر پر بھیجا ہے، نوٹس میں ڈیوڈ روز کی خبر کو جھوٹے الزامات پر مبنی قرار دیا ہے۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 2005 کے زلزلے کے بعد بحالی کے منصوبوں میں برطانوی ٹیکس دہندگان کا پیسہ ناجائز طور پر استعمال کرنے کا الزام بے بنیاد اور سراسر جھوٹ ہے، شہباز شریف ایسے بے بنیاد الزامات کی واضح اور سختی کے ساتھ تردید کرتے ہیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ خبر شہباز شریف اور ان کے خاندان کی سیاسی ساکھ اور کردار کو مسخ کرنے کے لیے گھڑی گئی جس کے پس منظر میں پاکستان کی موجودہ حکمران قیادت کا ہاتھ ہے۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ انگلینڈ اور ویلز کی عدالتوں کے ذریعے سنگین اور بد ترین الزامات لگانے والوں کو قانونی انجام کا سامنا کرنا ہو گا۔

لاء فرم کارٹر ریک کا کہنا ہے کہ اخبار میں شہباز شریف سے متعلق کیے گئے دعوے انتہائی متنازع ہیں۔ ڈیلی میل کی خبر شہباز شریف کے لیے سخت توہین آمیز ہے جس میں غلط الزامات لگائے گئے ہیں کہ انہوں نے زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے برطانیہ سے ملنے والی امدادی رقم میں خوردبرد کی۔