خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات میں پی کے 110 اورکزئی سے کامیاب آزاد امیدوار غزن خان نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔
وزیراعظم عمران خان سے ایم پی اے غزن خان اور سابق ایم این اے جی جی جمال نے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ دونوں رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔
گزشتہ روز بھی خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ 107 ضلع خیبر سے کامیاب آزاد امیدوار شفیق آفریدی حکمران جماعت میں شامل ہوئے۔ شفیق آفریدی نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور گورنر شاہ فرمان بھی موجود تھے۔