فرح گوگی نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف گواہی دینے کی خبروں کی تردید کر دی

فرح گوگی نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف گواہی دینے کی خبروں کی تردید کر دی
سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی سہیلی اور معتمد  ساتھی فرح گوگی نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف گواہی دینے سے انکار کیا۔

دی نیوز میں شائع ہوئی رپورٹ کے مطابق فرح گوگی نے سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف گواہی دینے کی تردید کی اور ان دعوؤں کو "بے بنیاد اور جھوٹا" قرار دیا۔

فرح گوگی نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیوں اور کن وجوہات کی بنا پر میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف گواہی دوں گی؟ میں پاکستان چھوڑ رہی ہوں کیونکہ مجھے خوف ہے کہ یہاں سیاسی انتقام کا سامنا کرنا پڑے گا۔

فرح نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دوران ان کے پاس کبھی کوئی سرکاری عہدہ یا کوئی نہ ہی پارٹی میں کوئی عہدہ تھا یا کوئی کردار تھا۔

اس سے قبل جیو نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا تھا کہ فرح تقریباً ایک ماہ سے پاکستانی پولیس کے ساتھ رابطے میں ہیں اور پہلے ہی ان کے ساتھ تعاون کر رہی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی قیادت نے انہیں اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر پر مسلسل تاکید کی ہے کہ وہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور دیگر عدالتی اداروں کے ساتھ تعاون نہ کریں۔

ذرائع کے مطابق، فرح  گوگی نے پہلے ہی پاکستانی حکام کو اہم معلومات پہنچا دی ہیں اور ورکنگ کنکشن پہلے ہی قائم ہو چکا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ فرح کو مئی کے پہلے ہفتے میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) چھوڑنے کی درخواست کی گئی تھی جب پاکستانی حکومت نے خلیجی ریاست کو مطلع کیا تھا کہ وہ ایک مطلوب شخص ہے اور دبئی میں رہتے ہوئے بدعنوان سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

ذرائع کے مطابق، فرح کو "بلیک لسٹ" میں ڈال دیا گیا ہے. جس کا مطلب ہے کہ وہ اپنے خلاف الزامات کی وجہ سے کسی قانونی وجہ سے متحدہ عرب امارات میں داخل نہیں ہو سکتیں۔ فرح نے پاکستانی حکام سے اس وقت تک بات چیت شروع نہیں کی جب تک وہ اٹلی میں تھیں، اور اس کے بعد سے اس میں کافی پیش رفت ہوئی ہے۔

عدم اعتماد کے ووٹ کی کامیابی کے بعد عمران خان کی حکومت کے تحلیل ہونے کے ایک دن بعد فرح گوگی نے پاکستان چھوڑ دیا. وہ ملک سے فرار ہونے والی پہلی ہائی پروفائل شخصیت بن گئیں کیونکہ یہ قیاس آرائیاں پہلے ہی بڑھ چکی تھیں کہ بشریٰ بی بی کے ساتھ معاملات میں ان کے کردار کے ساتھ ساتھ حکومتی امور چلانے میں ان کے براہ راست کردار کے لیے  انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔