فوج کے اندر ایک سال سے جاری شورش کا خاتمہ محض 15 افسروں کے خلاف کارروائی کرنے سے ممکن نہیں ہو گا۔ جنرل باجوہ اور جنرل فیض جیسے کردار بھی اس صورت حال کے ذمہ دار ہیں، ان کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہئیے۔ آنے والے دنوں میں کچھ ہائی پروفائل گرفتاریوں کی توقع ہے جن میں 9 مئی کے ماسٹر مائنڈز شامل ہیں۔ یہ کہنا ہے رضا رومی کا۔
نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں فہد حسین نے کہا کہ فوج کا نکتہ نظر 9 مئی سے ہی بہت واضح تھا اور اس میں آج تک کوئی لچک نظر نہیں آ رہی۔ آج کی پریس کانفرنس کا بنیادی مقصد یہ بتانا تھا کہ ہم نے ادارے کے اندر موجود ٹاپ کے لوگوں کا احتساب کر لیا ہے اور اگر اندر کے لوگوں کو نہیں چھوڑا گیا تو باہر کے لوگوں کو کیسے معافی مل سکتی ہے؟ اس میں کوئی شک نہیں کہ اب عمران خان کے گرد گھیرا تنگ ہوتا جائے گا۔
احمد حسن شاہ کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں کی قانونی حیثیت کو سپریم کورٹ نے ماضی میں مواقع ملنے کے باوجود ختم نہیں کیا۔ یہاں تک کہ شریعت اپیلٹ کورٹ نے انہیں اسلامی تقاضوں کے بھی مطابق قرار دیا ہوا ہے۔ اس لئے سپریم کورٹ اپنے فیصلے میں ملٹری کورٹس میں عام شہریوں کے ٹرائل سے متعلق کوئی طریقہ کار تو تجویز کر سکتی ہے مگر فوجی عدالتوں کو غیر آئینی و غیر قانونی قرار دینے کی طرف نہیں جائے گی۔
'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔