شانگلہ میں گاڑی پر دہشت گرد حملے میں 5 چینی انجیئنرز اور ڈرائیور جاں بحق

ریجنل پولیس چیف محمد علی گنڈاپور نے غیرملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینئرز کے قافلے سے ٹکرا دی جو اسلام آباد سے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے داسو میں اپنے کیمپ کی جانب جا رہے تھے۔

شانگلہ میں گاڑی پر دہشت گرد حملے میں 5 چینی انجیئنرز اور ڈرائیور جاں بحق

خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ بشام کے قریب پیش آیا کہ سامنے سے آنے والی دھماکا خیز مواد سے بھری کار غیر ملکیوں کی گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے بعد ایک زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی شدت سے چینی انجینئرز کی گاڑی نیچے گہری کھائی میں جاگری اور اس میں آگ لگ گئی۔

ڈی آئی جی ملاکنڈ کے مطابق غیر ملکیوں کی گاڑی اسلام آباد سے کوہستان آرہی تھی۔  بعض اطلاعات کے مطابق کار میں سوار چینی انجینئرز داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر کام کرتے تھے اور داسو جارہے تھے۔

ریجنل پولیس چیف محمد علی گنڈاپور نے غیرملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینئرز کے قافلے سے ٹکرا دی جو اسلام آباد سے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے داسو میں اپنے کیمپ کی جانب جا رہے تھے۔

محمد علی گنڈاپور نے مزید بتایا کہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں کے علاوہ اُن کا ایک پاکستانی ڈرائیور بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

ریسکیو 1122 بشام کے سٹیشن ہیڈ شیراز خان نے بتایا کہ خودکش دھماکے کے بعد بس کھائی میں گر گئی اور اس میں آگ لگ گئی۔تاہم ان کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا ہے اور اب لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

دوسری جانب خیبرپختونخواہ میں دہشت گرد حملے میں پانچ چینی انجیئنرز کی ہلاکت کے بعد وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی چینی سفارت خانے پہنچ گئے اور چینی سفیر سے ملاقات کی۔

وزیر داخلہ نے چینی سفیرکودھماکے کی تمام تفصیلات اور جانی نقصان کے بارے آگاہ کیا اورجائے وقوعہ پرجاری ریسکیو آپریشن پر بھی چینی سفیر کو تفصیلات بتائیں۔

وزیر داخلہ نے شانگلہ میں دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ واقعہ کی جامع تحقیقات کو یقینی بنا کر اس میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔ پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔ ان عظیم دو طرفہ تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے بشام میں ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے حادثے میں ہونے والی اموات پر اظہار افسوس کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین سے آنے والے بھائیوں پر حملہ انتہائی تکلیف دہ امر ہے۔دکھ کی گھڑی میں چینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

اس کے علاوہ وزیر اعلٰی گلگت بلتستان نے بھی بشام میں دہشت گردی واقعے کی مذمت کردی، انہوں نے کہا کہ خودکش حملے میں بےگناہ جانوں کی ضیاع پر دکھ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ داسو میں ایک بڑا ڈیم واقع ہے۔ اس علاقے پر ماضی میں بھی دہشت گردوں کی جانب سے حملے ہوتے رہے ہیں۔ 2021 میں ایک بس میں ہونے والے دھماکے میں 9 چینی شہریوں سمیت 13 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔