Get Alerts

وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی

وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی

وزیراعظم عمران خان آرمی چیف کی مدت ملازمت کے سلسلے میں تمام لوازمات پورے نہ ہونے پر وزیر قانون پر برس پڑے۔


نجی ٹی وی  کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہوا تو کابینہ کے ایجنڈے پر بات کرنے کے بجائے سپریم کورٹ کی جانب سے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹی فکیشن معطل کرنے کا معاملہ زیر بحث آگیا۔


ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے نوٹی فکیشن معطل ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور وہ وزیر قانون فروغ نسیم پر برس پڑے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب آرمی چیف کی مدت ملازت میں توسیع کا معاملہ طے ہوچکا تھا تو اس ضمن میں تمام لوازمات پورے کیوں نہیں کیے گئے، وزارت قانون نے غفلت کیوں برتی اور تمام قانونی نکات پورے کیوں نہیں ہوئے؟

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کی برہمی پر تمام اراکین نے پہلے خاموشی اختیار کرلی جس کے بعد اجلاس میں چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں۔

ذرائع کے مطابق آرمی چیف کی مدت ملازمت کا نوٹی فکیشن معطل ہونے کے وجہ سے اجلاس کا ماحول گرم ہوگیا جس کی وجہ سے معمول کے ایجنڈے کی کارروائی کافی دیر تک رکی رہی۔

تاہم اس حوالے سے حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے وزیر قانون پر تنقید کی خبر سراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹی فکیشن معطل کردیا ہے اور چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ وزیراعظم کو آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا اختیار نہیں ہے۔