تحریک لبیک پاکستان کے مطالبے پر ضلع وہاڑی کے علاقے گگو منڈی کے نواح میں ایک مشترکہ قبرستان میں موجود احمدیوں کی قبروں پر لگے کتبوں پر پولیس نے سیاہی پھیر کر مقدس تحریریں مٹا دیں۔
تفصیلات کے مطابق 25 ستمبر 2024 کو تھانہ گگو منڈی کی حدود میں پولیس نے چک نمبر 363 ای بی وہاڑی کے قبرستان میں احمدیوں کے کتبوں پر پینٹ پھیر کر مقدس تحریریں مٹائیں۔ اس سے قبل انتہاپسندوں کے مطالبے پر پولیس نے پہلے احمدیوں کے کتبوں کی تصاویر لیں۔ انتہاپسند اس معاملہ میں سرگرم تھے اور گاؤں میں ان کی آمدروفت بھی بڑھ گئی تھی جس پر مقامی احمدی وفد کی صورت میں تھانے گئے اور درخواست جمع کروانے کی کوشش کی تاہم ایس ایچ او نے درخواست لینے سے انکار کر دیا اور احمدیوں کو دھمکایا کہ آپ لوگ کتبوں پر لکھی مقدس تحریریں مٹا دیں ورنہ مسئلہ ہو سکتا ہے۔
25 ستمبر کے روز تحریک لبیک کی جانب سے مختلف واٹس ایپ گروپس میں میسج بھیجا گیا کہ اگر انتظامیہ نے احمدی قبروں پر لگے کتبوں پر لکھی مقدس تحریریں مٹانے کا انتظام نہ کیا تو ہم خود یہ تحریریں مٹا دیں گے۔ اس اعلان کے بعد دوپہر کے وقت 3 پولیس اہلکار ایک نوجوان کے ساتھ قبرستان آئے اور انہوں نے احمدی قبروں پر لگے تمام 13 کتبوں پر لکھی مقدس تحریریں پینٹ کی مدد سے مٹا دیں۔
واضح رہے کہ یہ مسلمانوں اور احمدیوں کا مشترکہ قبرستان ہے جس میں ایک جانب احمدیوں کی قبریں بنائی گئی ہیں۔ اس مشترکہ قبرستان میں احمدی قبروں کی مجموعی تعداد 45 ہے جن میں سے 13 قبروں پر کتبے لگے ہوئے ہیں۔