’نواز شریف کی صحت پر حکومت سیاست کر رہی ہے، نہ مجھ پر کرپشن ثابت ہوئی اور نہ نواز شریف پر‘

’نواز شریف کی صحت پر حکومت سیاست کر رہی ہے، نہ مجھ پر کرپشن ثابت ہوئی اور نہ نواز شریف پر‘
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی صحت پر حکومت سیاست کر رہی ہے۔

لاہور احتساب عدالت میں رمضان شوگر مل ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں وقفہ کے دوران میڈیا سے گفتگو میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی صحت پر حکومت سیاست کر رہی ہے، حکومت نے ہی نواز شریف کو اجازت دے کر باہر بھیجا تھا جب کہ ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، نہ مجھ پر کرپشن ثابت ہوئی اور نہ نواز شریف پر۔

دوران سماعت کمرہ عدالت میں شہباز شریف نے کہا کہ فاضل جج صاحب میں نے اپنے دور میں کروڑوں روپے بچائے ہیں، ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی اور خزانے سے تنخواہ بھی نہیں لی، میں پاکستان کے اندر اربوں روپے کی سرمایہ کاری لے کر آیا ہوں، جج صاحب میں اللہ اور اس کے رسول کی قسم کھاتا ہوں کبھی عوام کے پیسے کو نقصان نہیں پہنچایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ مجھے اللہ اور آپ کی عدالت پہ یقین ہے، فاضل جج نے کہا کہ شہباز شریف صاحب آپ بے فکر رہو قانون کے مطابق بڑے غور سے عدالت الزامات کا جائزہ لے گی، اگر الزامات جھوٹے ہوئے تو آپ اس عدالت سے باعزت بری ہوں گے۔