شہر قائد میں بارش کے بعد سیلابی صورتحال، سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیوز کی بھرمار

شہر قائد میں بارش کے بعد سیلابی صورتحال، سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیوز کی بھرمار
شہر قائد میں بدترین طوفانی بارش نے تباہی مچا دی ہے، جس کے باعث بیشتر علاقوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے اور نظام زندگی مکمل طور پر درہم برہم ہو گیا ہے۔ شہرمیں متعدد سڑکیں اورشاہراہیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

شہر قائد میں ہونے والی موسلادھار بارش نے جہاں نئے ریکارڈز قائم کیے ہیں، وہیں سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیوز کی بھی بھرمار ہو رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر کراچی میں ہونے والی بارش سے متعلق ایسی ویڈیوز گردش کررہی ہیں جن میں ایک شخص بلند عمارت سے پانی میں کودتا ہوا نظر آرہا ہے، تو کہیں سڑکوں پر مگر مچھ کا بسیرا دیکھایا گیا، ایک ویڈیو میں مچھلیاں گھر میں تیرتی ہوئی نظر آئیں۔

واضح رہے کہ یہ تمام ویڈیوز بھارت اور بنگلادیش کی ہیں جسے کراچی کی بارش سے منسوب کرکے دکھایا جارہا ہے، عمارت سے پانی میں چھلانگ لگانے والی ویڈیو بھارتی شہر ممبئی کی ہے۔



اسی طرح سڑک پر پانی میں تیرا ہوا مگرمچھ کراچی کا نہیں بلکہ یہ بھی بھارت کے ایک شہر کی ویڈیو ہے۔