شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ، 2 جوان شہید

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ، 2 جوان شہید
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد بھی مارے گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)  کے مطابق شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کر کے 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا اور 2 کو گرفتار کرلیا۔ دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان شہید ہوئے جن میں 25 سالہ سپاہی عمران اللہ اور 21 سالہ سپاہی افضال خان شامل ہیں۔ سپاہی عمران اللہ کا تعلق باجوڑ سے جبکہ سپاہی افضل خان کا تعلق دیر بالا سے تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی عمران اللہ اور سپاہی افضل خان کو خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے اور اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کی راہ میں آہنی دیوار ہیں۔ پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے اور اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔