امریکا پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کے لیے 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کی ٹیکنیکل اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرے گا جبکہ بھارت کے سی 17 ٹرانسپورٹ طیاروں کے لیے بھی 67 کروڑ ڈالر کے سپورٹ پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے پاکستان کے ایف 16 طیاروں کے لیے تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کا اعلان کیا ہے۔ ایف 16 طیاروں کے لیے ساڑھے 12 کروڑ ڈالر کی سپورٹ فراہم کی جائے گی اور پاکستان کو ایف 16 طیاروں کے پرزے اور فنی خدمات فراہم کی جائیں گی۔
پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی تکنیکی سپورٹ کا اعلان امریکا کی دفاعی سیکیورٹی تعاون ایجنسی نے کیا جب کہ تکنیکی و فنی سپورٹ کی منظوری امریکی محکمہ خارجہ نے دی۔
دوسری جانب امریکا نے بھارت کے سی 17 طیاروں کے لیے بھی 67 کروڑ ڈالرز کی تکنیکی امداد کا اعلان کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے طیاروں کے لیے تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کے فیصلے سے جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن برقرار رہے گا، جب کہ اس فیصلے سے امریکی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کو بھی فائدہ ہوگا۔