عائشہ تنظیم جنوبی اور وسطی ایشیا کیلئے وائس آف امریکا کی ڈائریکٹر منتخب

عائشہ تنظیم جنوبی اور وسطی ایشیا کیلئے وائس آف امریکا کی ڈائریکٹر منتخب
خبر رساں ادارے وائس آف امریکا نے جنوبی اور وسطی ایشیا کیلئے عائشہ تنظیم کو اپنا ڈائریکٹر منتخب کر لیا ہے۔ اس بات کا اعلان قائم مقام ڈائریکٹر پروگرامنگ جان لپ مین نے کیا۔

خیال رہے کہ عائشہ تنظیم جو پاکستان میں وائس آف امریکا کی علاقائی نامہ نگار رہ چکی ہیں، ان کی بطور ایس سی اے ڈویژن ڈائریکٹر تعیناتی کا نوٹی فیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب جولائی 2021ء سے اس ڈویژن کی ذمہ داریاں ادا کر رہے اصغر اصغروف کو ان کی سابقہ پوزیشن بحیثیت قائم مقام ڈویژن پروگرام مینجر تعینات کر دیا گیا ہے۔

عائشہ تنظیم کی وائس آف امریکا کے اس اہم عہدے پر تعیناتی کے حوالے سے بات کی جائے تو اس کیلئے ناظرین اور مواد کو مدنظر رکھا گیا ہے کیونکہ علاقائی معاملات پر ان کی گہری نظر رہی ہے۔

عائشہ تنظیم کے کیریئر پر بات کی جائے تو انہوں نے 2015ء میں اسلامک اسٹیٹ کے بارے میں دلیرانہ رپورٹنگ کی جس پر انھیں صحافتی ایوارڈ ''ڈیوڈ برک'' سے نواز گیا تھا۔

حال ہی میں انہوں نے افغانستان میں حکومت کے خاتمے کی رپورٹنگ کیلئے وہاں کے متعدد دورے کئے۔ عائشہ تنظیم پاکستان میں پیدا ہوئیں اور وہیں پرورش پائی۔ نیوز سینٹر میں پوسٹنگ سے پہلے وہ وائس آف امریکا اردو سروس اور اس سے پہلے بی بی سی کیلئے کام کرتی رہیں۔ اپنی ملازمت کے دوران انہوں نے مختلف ایشوز کو کور کرنے کیلئے جنوبی اور وسطی ایشیا کے علاقوں کا متعدد بار دورہ کیا۔