شہید کیپٹن عاقب جاوید کا چند روز بعد نکاح تھا

شہید کیپٹن عاقب جاوید کا چند روز بعد نکاح تھا
سرگودھا کے شہید کیپٹن عاقب جاوید کا چند روز بعد نکاح تھا ، والدین، بیٹے کی شادی کی تیاری میں مصروف تھےلیکن اس سے پہلے ہی بہادر بیٹے نے وطن پر جان نچھاور کر دی۔

بلوچستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جام شہادت نوش پانے والوں میں کیپٹن عاقب جاوید کا تعلق سرگودھا سے تھا۔ کیپٹن عاقب جاوید کا عیدالاضحٰی کےبعد نکاح تھا،لیکن وہ چند روز پہلے ہی وطن کی مٹی پر قربان ہو گئے۔ شہید کیپٹن عاقب جاوید کے والد محمد جاوید پاک نیوی کے ریٹائرڈ آفیسرہیں اور کراچی میں مقیم ہیں۔

یاد رہے کہ  ایف سی اہلکار بلوچستان میں خوشاب اور تربت کے درمیانی علاقے میں کامبنگ آپریشن میں مصروف تھے کہ اس دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں افسر سمیت 4 اہلکار شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں کیپٹن عاقب جاوید، سپاہی نادر، سپاہی حفیظ اللہ اور سپاہی عاطف الطاف شامل ہیں۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت خطے میں امن کے لیے پاکستان کی قربانیاں ہیں۔

میجر جنرل آصف غفور نے مزید بتایا کہ دشمن عناصر بلوچستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کی یہ کوشش انشاء اللہ ناکام ہو گی۔ واضح رہے کہ آج شمالی وزیرستان میں بھی سرحد پار سے دہشت گردوں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کر کے پاک فوج کے 6 جوانوں کو شہید کیا ہے۔