گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں بتایا ہے کہ انہیں ان کے گارڈز کی جانب سے قتل کرنے کی دھمکی دی گئی۔
وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ( جی سی یو) پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے فیس بک پر لکھا کہ اپنی زندگی تحقیق، تعلیم اور سماجی پالیسیوں میں اصلاحات کو دینے کے بعد، اپنی مادر علمی جی سی یو کی قیادت کرنا ایک خصوصی اعزاز ہے۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کی چند عشرے قبل جو شان و شوکت تھی اس کو بحال کرنے کا زندگی میں یہ ایک موقع ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ادارہ جاتی اصلاحات کا سفر ہر طرح کے چیلنجوں کو جنم دیتا ہے۔ اسی طرح بزدلی کا ایک حیرت انگیز واقعہ اس ہفتے میرے ساتھ پیش آیا، جب میرے ہی سیکیورٹی گارڈز نے مجھے جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ اسے بدمعاش عناصر کی طرف سے اکسایا گیا جن کی بدعنوانیوں کا سلسلہ میری قیادت میں جاری اصلاحات کی وجہ سے رُک گیا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے اپنی پوسٹ میں اپنے تمام خیر خواہوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں ان کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے میرے ساتھ اظہار یکجہتی اور تعاون کیا۔
وائس چانسلر نے کہا کہ آپ کی مدد اور میری پرعزم کوششوں سے، ہم انشااللہ جلد ہی بہت بہتر جی سی یو دیکھیں گے۔ اللہ ہم سب کو اپنی رہنمائی اور فلاح کی روشنی عطا کرے!