Get Alerts

کرونا وائرس کے باعث ملک میں ہر گھنٹے میں 4 لوگ مر رہے ہیں، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کا انکشاف

کرونا وائرس کے باعث ملک میں ہر گھنٹے میں 4 لوگ مر رہے ہیں، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کا انکشاف
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث ملک میں ہر گھنٹے میں 4 لوگ مر رہے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جاوید اکرم نےکہا کہ اس وقت ملک میں کرونا وائرس کی صورتِ حال خطرناک اور تشویشناک ہے، گذشتہ روز 100 افراد کرونا وائرس کے باعث ایک دن میں انتقال کرگئے جو سیاہ دن ہے، لوگوں کی زندگیاں بچانا اور زندگی کو نارمل کرنا ہمارا مقصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس پھیپھڑوں میں جنگ برپا کر دیتا ہے جس سے سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے اور 100 لوگوں کو وائرس ہو تو ان میں سے 30 لوگوں کو علامات ظاہر نہیں ہوتیں، جس سے انہیں وائرس کا پتا ہی نہیں ہوا۔

ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد کرونا پیسیو امیونائزیشن ہے، پلازمہ کے لیے اینٹی باڈیز کا ٹیسٹ کر رہے ہیں، 100 میں سے 5 فیصد لوگوں کو ہسپتال جانا پڑے گا اور انہیں وینٹی لیٹر بھی لگ سکتا ہے، وینٹی لیٹر دو دھاری تلوار ہے لیکن اس کا نقصان زیادہ ہے، وینٹی لیٹر سے پھیپھڑوں کو نقصان ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔

انہوں نےمزید کہا کہ پاکستان میں وینٹی لیٹرز سے کرونا وائرس کے مریضوں کی 99 فیصد اموات ہو رہی ہیں، ایک شخص کا انتقال ہوتا ہے تو پورے آئی سی یو والے پریشان ہو جاتے ہیں، 65 فیصد طبی عملے کی خواتین پر ان کے خاندان کی طرف سے کام نہ کرنے کا پریشر ہے۔

دوسری جانب ماہر امراض خون ڈاکٹر طاہر شمسی نے پیسیوامیونائزیشن سے کرونا کے علاج کے لیے لوگوں سے پلازمہ عطیہ کرنےکی اپیل کی ہے۔