شانگلہ خودکش حملہ: وزیراعظم شہباز شریف نے سکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کرلیا

سکیورٹی سے متعلق اجلاس میں وزارت داخلہ اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی اور مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی کا جائزہ لیا جائے گا۔

شانگلہ خودکش حملہ: وزیراعظم شہباز شریف نے سکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کرلیا

شانگلہ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں چینی باشندوں کی ہلاکت کے بعد وزیراعظم  شہباز  شریف نے سکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کرلیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سکیورٹی صورتحال پر آج اہم اجلاس طلب کرلیا جب کہ اجلاس میں ملکی داخلی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا، وفاقی کابینہ کا اجلاس اب 28 مارچ جمعرات کے روز ہوگا۔

سکیورٹی سے متعلق اجلاس میں وزارت داخلہ اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی اور مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی کا جائزہ لیا جائے گا۔

دوسری جانب چین نے خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں خودکش حملے میں چینی انجینئرز کی ہلاکت کے بعد خودکش حملے کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان میں چینی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چینی سفارتخانے اور قانصلیٹ نے پاکستان نے فوری طور پر ایمرجنسی کام کا آغاز کردیا ہے اور مطالبہ کیا کہ پاکستانی حکام معاملے کی جامع تحقیقات کر کے ذمے داران کو قرار واقعی سزا دیں۔

انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ پاکستانی حکام چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے موثر اور عملی اقدامات کریں۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

خیال رہے گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

دہشت گرد حملے میں پانچ چینی انجیئنرز کی ہلاکت کے بعد وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی چینی سفارت خانے پہنچے۔

وزیر داخلہ نے چینی سفیرکودھماکے کی تمام تفصیلات اور جانی نقصان کے بارے آگاہ کیا اورجائے وقوعہ پرجاری ریسکیو آپریشن پر بھی چینی سفیر کو تفصیلات بتائیں۔

وزیر داخلہ نے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ (Jiang Zaidong) سے شانگلہ میں دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔ ان عظیم دو طرفہ تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے واقع کی جامعہ تحقیقات کرانے اور ملوث عناصر سے آڑھے ہاتھوں نمٹنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر کو دھماکے کی  تمام تفصیلات اور ہلاکتوں کے بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے شانگلہ میں دہشت گرد حملے میں  چینی شہریوں کے جانبحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جائے وقوعہ پر جاری ریسکیو آپریشن سے بھی چینی سفیر کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ 

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ واقعہ کی جامع تحقیقات کو یقینی بنا کر اس میں ملوث عناصر  سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔ پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔ ان عظیم دو طرفہ تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔