قمری کیلنڈر کے بعد فواد چودھری کا نیا مشن کیا ہوگا؟

وفاقی وزیر سائینس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ٹویٹ میں اپنے آئندہ مشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قمری کیلنڈر کے بعد اگلا بڑا چیلنج کریڈٹ کارڈ اور ڈیبٹ کارڈز کو موبائل فون پیمنٹ سے تبدیل کرنا ہے، ٹیکنالوجی کی ترقی کیلئے ادائیگیوں کا آسان ہونا لازمی ہے۔



فواد چودھری نے کہا کہ انشااللہٰ چند مہینوں میں تمام ادائیگیاں بس کے کرائے سے گاڑی خریدنے تک موبائل سے ہوں گی۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے رمضان المبارک میں عیدین اور دیگر اسلامی ایام میں چاند کی رویت دیکھنے کے عمل کو آسان بنانے کے لیے قمری کیلنڈر لانے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے اپنے دعوے کے عین مطابق گزشتہ روز قمری کیلنڈر متعارف کراتے ہوئے آئندہ پانچ سال تک کی عیدوں کے ایام کا اعلان بھی کردیا۔

انہوں نے گزشتہ روز ہی چاند دیکھنے سے متعلق ویب سائٹ کا افتتاح کیا جس کے بعد انہوں نے بتایا کہ آئندہ پانچ سال کے لیے قمری کلینڈر ترتیب دیتے ہوئے منظوری کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل بھجوا دیا گیا ہے۔