بھارت توسیع پسند پالیسیوں کے ذریعے پڑوسی ممالک کیلئے خطرہ بن رہا ہے، وزیراعظم عمران خان

بھارت توسیع پسند پالیسیوں کے ذریعے پڑوسی ممالک کیلئے خطرہ بن رہا ہے، وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت کی ہندوتوا مودی حکومت، نازیوں کی طرح اپنی توسیع پسند پالیسیوں سے پڑوسی ممالک کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیے گئے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کو شہریت کے متنازع قانون سے خطرہ لاحق ہے، نیپال اور چین کے ساتھ بھارت کا سرحدی تنازع ہے اور پاکستان کو جعلی آپریشن کے خطرے کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا غیر قانونی قبضہ فورتھ جینیوا کنونشن کے تحت جنگی جرم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ فاشسٹ مودی حکومت نہ صرف بھارتی اقلیتوں بلکہ خطے کے لیے بھی خطرہ ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے خبردار کیا تھا کہ بھارت، پاکستان پر مسلح حملے کی تیاری کر رہا ہے۔

دوسری جانب بھارت اور چین کے درمیان ہمالیائی سرحدی تنازع پر کشیدگی جاری ہے جس سے متعلق مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی نئی سڑکوں اور ہوائی پٹیوں کی تعمیر کی وجہ سے یہ کشیدگی پیدا ہوئی۔