ٹی وی اور تھیٹر کی معروف بھارتی اداکارہ 25 سالہ پریکشا مہتا نے خودکشی کرلی۔ پریکشا مہتا سے 10 دن قبل بھی ایک بھارتی نوجوان اداکار نے مالی مشکلات کے باعث خودکشی کرلی تھی۔
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق پریکشا مہتا نے ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں اپنے گھر میں خودکشی کی، وہ بھی لاک ڈاؤن ہونے کے بعد گھر تک محدود رہ گئی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق فوری طور پر پریکشا مہتا کی خودکشی کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے بھی ممکنہ طور پر مالی مسائل کی وجہ سے خودکشی کی ہوگی۔
پریکشا مہتا کیریئر بنانے کے لیے مدھیا پردیش سے مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی منتقل ہوگئی تھیں اور انہوں نے کرائم پیٹرول، تو عاشقی، لال عشق اور میری درگا جیسے ڈراموں میں اہم کردار ادا کیے جب کہ وہ اس دوران تھیٹر میں بھی کام کرتی دکھائی دیں۔
پریکشا مہتا نے اکشے کمار کی فلم پیڈمین میں بھی کردار ادا کیا جب کہ وہ متعدد گانوں میں ماڈلنگ بھی کرتی دکھائی دیں، علاوہ ازیں انہوں نے اشتہارات میں کام کرنے سمیت فیشن شوز میں بھی جلوے بکھیرے۔
یاد رہے کہ پریکشا مہتا سے قبل 15 مئی کو نوجوان سکھ اداکار من میت گریوال نے بھی اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا، وہ لاک ڈاؤن ہونے کے بعد مالی مشکلات کا شکار ہوگئے تھے اور ان کی اہلیہ بھی انہیں چھوڑ کر چلی گئی تھیں۔ من میت گریوال بھی ڈراموں اور تھیٹر کے اداکار تھے جب کہ وہ اشتہارات سمیت مختلف گانوں میں بھی پرفارمنس کر چکے تھے۔
پریکشا مہتا کی خودکشی پر متعدد بھارتی اداکاروں نے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ ابھرتے ہوئے فنکاروں کی ذہنی صحت اور مالی معاملات پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔