کرونا وائرس لاک ڈاؤن: معروف بھارتی اداکار نے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کر لی

کرونا وائرس لاک ڈاؤن: معروف بھارتی اداکار نے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کر لی
کرونا وائرس لاک ڈاؤن کے باعث مالی مشکلات کے شکار بھارتی اداکار نے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کر لی، ٹی وی انڈسٹری سے وابستہ 32 سالہ اداکار من میت گریوال نے خود کو پنکھے سے لٹکا کر خود کشی کی، اہلیہ کی جانب سے جان بچانے کی کوشش ناکام رہی۔

بھارتی خبر رساں اداروں کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق کرونا لاک ڈاؤن نے بھارت کی شوبز انڈسٹری کو بھی متاثر کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بھارت میں کرونا لاک ڈاؤن نافذ کیے جانے کے بعد ٹی وی انڈسٹری سے وابستہ اداکار من میت گریوال شدید مالی مشکلات کا شکار ہو گئے تھے۔

ممبئی میں رہائش پذیر من میت گریوال کے پاس گھر کا کرایہ ادا کرنے کے پیسے بھی نہ تھے۔ ایسے میں انہوں نے دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کر لی۔ ان کی لاش ان کے کمرے میں پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی۔

من میت گریوال کی اہلیہ کا بتانا ہے کہ جب انہوں نے اپنے شوہر کو پنکھے سے لٹکے دیکھا تو انہوں نے اپنے شوہر کی جان بچانے کی پوری کوشش کی، پڑوسیوں کو مدد کے لئے پکارا، تاہم کوئی ان کی مدد کو نہیں آیا۔ پڑوسیوں نے اس خوف سے کہ کہیں من میت کرونا وائرس کا مریض نہ ہو، ان کی جان بچانے کی کوشش نہیں کی۔ بہت کوشش کے بعد عمارت کے گارڈ نے گھر میں آ کر پنکھے سے لٹکتے من میت کو نیچے اتارا، تاہم تب تک وہ جان کی بازی ہار چکے تھے۔

پولیس کے مطابق من میت 2 سال سے اپنی اہلیہ کیساتھ ممبئی میں رہائش پذیر تھے۔ حال ہی میں جب کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث ملک میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا، تو اس وجہ سے من میت بھی مالی مشکلات کا شکار ہوگئے تھے، اور ان کے پاس اتنے پیسے بھی نہ تھے کہ اپنے فلیٹ کا کرایہ جو کہ صرف 8500 روپے تھا، وہ بھی ادا کر سکیں۔