لاہور پولیس کے سنیئر افسر دوست محمد کے مطابق لاہور کے رہائشی دلاور علی نے اپنی 27 سالہ کرائم رپورٹر اور مصنفہ بیوی عروج اقبال کو نوکری نہ چھوڑنے پر قتل کر دیا جبکہ نوبیاہتا جوڑے کی 7 ماہ قبل محبت کی شادی ہوئی تھی، جوڑے میں شادی کے بعد سے ہی گھریلو جھگڑے جاری تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ عروج اقبال ایک نجی صحافتی ادارے میں نوکری کرتی تھی، مقتولہ پیر کے روز اپنے دفتر جا رہی تھی، اس دوران اس کے شوہر نے اسے سر پر گولی ماری جس کے بعد اسے فوراً اسپتال پہنچایا گیا مگر خون زیادہ بہہ جانے کے سبب عروج کی موت واقع ہو گئی۔
پولیس افسر دوست محمد کے مطابق مقتولہ کے بھائی یاسر اقبال کی جانب سے ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، ملزم دلاور بھی اسی ادارے کے دوسرے ڈپارٹمنٹ میں کام کرتا ہے ۔
مقتولہ کے بھائی کے مطابق بہن نے 7 ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی، دونوں میں کچھ وقت بعد ہی گھریلو جھگڑے شروع ہو گئے تھے جس میں ملزم شوہر کی جانب سے عروج پر نوکری چھوڑنے کا دباؤ بھی شامل تھا ۔
ملزم اکثر بہن پر تشدد بھی کیا کرتا تھا جس پر پولیس میں رپورٹ درج کرائی تھی مگر پولیس کی جانب سے اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا تھا ۔