معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل اپنی مفت اور مقبول ترین ای میل سروس جی میل کے لیے نیا فیچر متعارف کروا دیا جو صارفین کو ضرور پسند آئے گا۔
اس فیچر کی بدولت صارفین کے لیے ای میل تحریر کرنا بہت آسان ہو جائے گا۔
گوگل کی اس سروس میں وائس کمپوز نامی فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
یہ فیچر صارفین کی آواز کو استعمال کرکے ای میل تحریر کرکے ڈرافٹ کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔
ای میل ڈرافٹ ہونے کے بعد آرٹی فیشل انٹیلی جنس ( اے آئی) ٹیکنالوجی اس ای میل کو حتمی شکل دے گی جس کے بعد صارف اسے سینڈ کرسکے گا۔
یہ نیا فیچر جی میل کے ہیلپ می رائٹ (write) نامی ٹول کا حصہ ہوگا۔
9 ٹو 5 گوگل کی رپورٹ کے مطابق یہ فیچر ابھی آزمائشی مرحلے سے گزر رہا ہے۔
یہ فیچر ان صارفین کے لیے بہت زیادہ کارآمد ہوگا جو سفر کرتے ہوئے یا کسی کام کے دوران ای میل بھیجنے کے خواہشمند ہوں گے۔
چونکہ یہ فیچر ابھی آزمائشی مرحلے سے گزر رہا ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ کب تک تمام صارفین کے لیے اسے متعارف کرایا جائے گا۔
واضح رہے کہ گوگل کی جانب سے ہیلپ می رائٹ ٹول کو جون 2023 میں متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
کمپنی کے مطابق اس ٹول کو استعمال کرتے ہوئے صارف کو بس یہ بتانا ہوگا کہ وہ کس موضوع پر لکھنا چاہتا ہے اور اے آئی ٹیکنالوجی فوری طور پر آپ کے لیے مضمون یا ای میل کو تحریر کر دے گی۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ اے آئی ٹیکنالوجی کے تیار کردہ مسودے کو صارف اپنی مرضی سے ایڈٹ کرکے استعمال کر سکے گا۔
جی میل پر ای میل کمپوز کی ونڈو میں نیچے اٹیچمنٹ اور فارمیٹنگ آپشنز کے درمیان ہیلپ می رائٹ ٹول پین کی شکل کے آئیکون میں موجود ہوتا ہے۔