چین کے شہر ہنگ ژو میں جاری 19ویں ایشین گیمز میں منگل کو مردوں کے والی بال کے میچ میں پاکستان نے اپنے روایتی حریف بھارت کو 3-0 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر پانچویں پوزیشن حاصل کی۔
شہر ہنگ ژو میں جاری ایشین گیمز کے والی بال ایونٹ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت کا سکور 21-25، 20-25 اور 23-25 رہا۔ پاکستان کی جانب سے مراد جہاں اور مراد خان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان نے پورے وقت گیم کے ایونٹس کو کنٹرول کرنے کے بعد بھارت کو باآسانی شکست دی۔
1990 کے بعد 33 سالوں میں یہ پہلا موقع ہے جب پہلی بار پاکستان ٹیم نے ایشین گیمز میں ٹاپ 5 میں جگہ بنائی ۔
قبل ازیں پول ڈی میں پاکستان ٹیم منگولیا، چائنیز تائپے اور جنوبی کوریا کومات دینے کے بعد کوارٹر فائنل میں قطرسے شکست کھا گئی تھی۔
میچ میں 51ویں نمبر کی پاکستانی ٹیم اور 17ویں نمبر کی قطری ٹیم کے درمیان مقابلہ ہوا۔
پاکستان نے مقابلے کے پہلے سیٹ میں زبردست کوشش کی۔
ایک موقع پر پاکستان کو پانچ پوائنٹس کی برتری حاصل تھی لیکن قطر نے ناقابل یقین کم بیک کرتے ہوئے پاکستان سے ابتدائی سیٹ چرانے کے لیے 20-15 اور 24-22 کے خسارے کو الٹ دیا۔ تاہم قطر اپنی رفتار کو برقرار رکھنے میں ناکام رہا۔
پاکستان نے قطر کو تیسرے سیٹ میں شروع سے زیر کیا۔ بدقسمتی سے قطر نے چوتھے سیٹ میں پاکستان کے لیے واپسی کا بہت کم موقع چھوڑا اور فیصلہ کن مارجن سے مقابلہ جیت لیا۔ قطر نے پاکستان کو 24-26، 19-25، 25-23 اور 18-25 کے فائنل سکور سے شکست دی۔
یاد رہے کہ مین ان گرین نے جنوبی کوریا کو 3-0 (25-19، 25-22 اور 25-21) سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔
جنوبی کوریا کے خلاف فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے بھی ٹاپ چھ ٹیموں میں سے ایک کے طور پر اپنی پوزیشن مستحکم کر لی۔
1994 میں ایشین گیمز کے بعد پہلی بار ٹیم اس وقت ٹاپ سکس میں پہنچی تھی۔