Get Alerts

عامر لیاقت حسین نے فلم نگری کا رُخ کر لیا، بہت جلد برہان وانی کے کردار میں نظر آئیں گے

معروف میزبان اور برسراقتدار جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رُکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین بہت جلد بڑے پردے پر کشمیری مجاہد برہان مظفر وانی کا کردار ادا کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔

فلم کے ہدایت کار اور معروف اداکار ایوب کھوسہ نے کہا ہے کہ وہ اپنی اگلی فلم کشمیر کے موضوع پر بنا رہے ہیں جس میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے انہوں نے عامر لیاقت حسین سے رابطہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا، کشمیر کے موضوع پر بنائی جانے والی بالی ووڈ فلموں کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوتی ہے تاہم پاکستانی فلموں کو کم ہی کبھی ایسی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قوم کو عامر لیاقتوں سے بچانا ہوگا

ایوب کھوسہ نے کہا، بھارت اور پاکستان کے معرض وجود میں آنے کے بعد سے مسئلہ کشمیر چلا آ رہا ہے، بالی ووڈ کی فلموں کے باعث بھارتی نقطہ نظر دنیا بھر میں پہنچ جاتا ہے لیکن پاکستانی فکر کی درست طور پر عکاسی نہیں ہو پاتی۔

انہوں نے مزید کہا، میں کشمیر گیا تو لوگوں نے مجھ سے سوال کیا کہ آپ کی کشمیر کے بارے میں کیا سوچ ہے؟ میں نے جواب دیا، بطور ایک فنکار مجھے مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے لے کر آنا ہے۔



ان کا کہنا تھا، وہ اس حوالے سے ایک فلم بنانے جا رہے ہیں۔ ایوب کھوسہ نے صاحب استطاعت کشمیریوں سے اس فلم کے لیے سرمایہ فراہم کرنے کی درخواست کرنے کے علاوہ اس فلم میں بلامعاوضہ کام کرنے کی پیشکش بھی کی۔

اداکار کا کہنا تھا، یہ فلم صرف مسئلہ کشمیر کا احاطہ کرے گی جس میں کوئی کمرشل زاویہ نہیں ہوگا۔

ایوب کھوسہ نے فلم کے مرکزی کردار کے بارے میں کہا کہ انہوں نے اس فلم میں ایک ایسا کردار بھی شامل کیا ہے جس کی قربانی قطعی طور پر رائیگاں نہیں جائے گی جو دنیا کو بتائے گا کہ کشمیر کا مسئلہ کتنا بڑا ہے۔

عامر لیاقت حسین نے کہا کہ ایوب کھوسہ کی فلم برہان وانی پر ہو گی اور یہ کردار وہ ادا کر رہے ہیں۔