بالی ووڈ سٹار جمی شیرگل کو کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا گیا

بالی ووڈ سٹار جمی شیرگل کو کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا گیا
بالی وڈ اداکار جمی شیرگل کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ جمی شیر گل نے متعدد بالی وڈ فلموں میں کام کیا ہے جن میں ’محبتیں‘، ’دل ہے تمہارا‘، ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ اور ’اسپیشل 26‘ سمیت دیگر شامل ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست پنجاب کے شہر لدھیانہ میں ایک اسکول میں فلم کی شوٹنگ کئی روز سے جاری تھی کہ پولیس نے پہنچ کر شوٹنگ رکوادی اور کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر وارننگ دیتے ہوئے کریو ٹیم پر جرمانہ عائد کیا۔

وارننگ کے باوجود اداکار اور کریو کی جانب سے نائٹ کرفیو کے دوران بھی اسکول میں شوٹنگ جاری تھی پولیس نے چھاپہ مار کر شوٹنگ کو رکوادیا اور ماسک نہ پہننے و دیگر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر موقع سے اداکار جمی شیر گل سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کو گرفتار کرکے مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے جبکہ مقدمے میں نیشنل ایوارڈ یافتہ ہدایتکار سمیت 35 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپے کے وقت 150 افراد اسکول میں موجود تھے  جنہوں نے ماسک نہیں پہن رکھا تھا جبکہ کورونا ایس او پیز کی دیگر خلاف وزریاں بھی کی گئیں۔یاد رہے کہ بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3 لاکھ 60 ہزار 960 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 80 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

ملک میں کورونا سے مزید 3293 اموات رپورٹ ہوئیں جو ایک روز میں ریکارڈ ہونے والی ہلاکتوں کی اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ بھارت میں گزشتہ ایک ہفتے سے روزانہ کی بنیاد پر کورونا کے 3 لاکھ یا زائد کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جبکہ بھارت میں عالمی وبا کے باعث صورتحال اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ اسپتالوں میں مریضوں کے لیے جگہ دستیاب نہیں ہے اور میتیوں کو دفنانے اور جلانے کے لیے لواحقین کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔