عید پر بالی ووڈ کے سپر سٹار اجے دیوگن اور اکشے کمار مدمقابل ہوں گے

10 اپریل سے دونوں فلموں کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کر دیا جائے گا۔ دیکھتے ہیں عید پر 'میدان' اور 'بڑے میاں، چھوٹے میاں' میں سے کون سی فلم زیادہ بزنس کرتی ہے۔ یہ بھی پتہ چل جائے گا کہ اجے دیوگن اور اکشے کمار میں سے کون ونر رہتا ہے۔

عید پر بالی ووڈ کے سپر سٹار اجے دیوگن اور اکشے کمار مدمقابل ہوں گے

اس عید الفطر پر بالی ووڈ کی دو بڑی فلموں کا جاندار ٹاکرا ہونے جا رہا ہے۔ یہ دو فلمیں ہیں؛ سپر سٹار اجے دیوگن کی 'میدان' اور سپر سٹار اکشے کمار کی 'بڑے میاں، چھوٹے میاں'۔ 10 اپریل سے دونوں فلموں کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کر دیا جائے گا۔

فلم 'میدان' کے فلمساز بونی کپور ہیں جو بہت تجربہ کار فلمساز ہیں۔ جدائی، لوفر، وانٹیڈ اور نو انٹری جیسی سپر ہٹ فلمیں بنا چکے ہیں۔ فلم کے ہیرو اجے دیوگن ہیں جو 90 کی دہائی کے واحد سپر سٹار ہیں جو 3 بار نیشنل ایوارڈ جیت چکے ہیں اور کمرشل سنیما کے بھی کامیاب ترین ہیرو ہیں۔ اس سال 'شیطان' جیسی سپر ہٹ فلم دے چکے ہیں۔

'میدان' فلم فٹبال پر ہے۔ برصغیر کی آزادی کے بعد بھارتی فٹبال ٹیم کی ناکامی اور کامیابی کے اردگرد کہانی چلتی ہے۔ اجے دیوگن ایک بہترین ادکارا ہے، اس نے فٹبال کوچ عبدالرحمٰن کا کردار بہت اچھے طریقے سے نبھایا ہے۔ ڈائریکٹر امیت شرما نے فریم ٹو فریم فلم کو مہارت سے شوٹ کیا ہے۔ فلم کی خاص بات اے آر رحمان کی موسیقی ہے۔ فلم کا بجٹ 70 سے 80 کروڑ کے لگ بھگ ہے۔ فلم کی کامیابی کے لیے بھارت سے 100 کروڑ کا بزنس مشروط ہے۔ اگر فلم کلک کر گئی تو دنیا بھر سے بزنس 200 کروڑ تک ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

دوسری فلم 'بڑے میاں، چھوٹے میاں' ہے جس کے فلمساز واشو بگھتانی ہیں جو ہیرو نمبر ون، قلی نمبر ون اور مجھے کچھ کہنا ہے جیسی سپر ہٹ فلمیں بنا چکے ہیں۔ وہ بہت تجربہ کار فلمساز ہیں۔ فلم کے ہیرو اکشے کمار کسی تعارف کے محتاج نہیں، سپر سٹار ایکشن کنگ ہیں۔ بدقسمتی سے کورونا کال کے بعد بہت زیادہ فلمیں کرنے سے ان کو نقصان ہوا ہے۔ اب وہ سوریا ونشی کے بعد پھر ایکشن فلم کر رہے ہیں۔ سوریا ونشی سپر ہٹ تھی۔ یہی توقعات 'بڑے میاں، چھوٹے میاں' سے بھی ہیں۔ اکشے کمار ایکشن فلم کی جان سمجھے جاتے ہیں۔ ان کے ہمراہ ٹائیگر شروف بھی ہیں جو آج کے ایکشن ہیرو ہیں۔ خود سے 20 سال چھوٹے ہیرو کے ساتھ ایکشن فلم کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ اکشے کمار کس قدر فٹ انسان ہے۔

فلم کے ڈائریکٹر علی عباس ظفر اس سے پہلے ٹائیگر زندہ ہے، سلطان اور بھارت جیسی سپر ہٹ فلمیں بنا چکے ہیں۔ وہ بڑے لیول اور بڑے سکیل کی ایکشن فلمیں بنانے کے ماہر ہیں۔ فلم کے ٹریلر سے یہ بات واضح ہے کہ ایکشن بڑے بڑے پیمانے پر لاجر دین لائف شوٹ ہوا ہے۔ فلم کا بجٹ 150 کروڑ تک ہے۔ بھارت سے فلم کو 200 کروڑ اور دنیا بھر سے 300 کروڑ تک کا بزنس کرنا ہوگا جس کے امکانات بھی ہیں۔ فلم کی ہائپ بھی بن چکی ہے۔

دیکھتے ہیں عید پر 'میدان' اور 'بڑے میاں، چھوٹے میاں' میں سے کون سی فلم زیادہ بزنس کرتی ہے۔ یہ بھی پتہ چل جائے گا کہ اجے دیوگن اور اکشے کمار میں سے کون ونر رہتا ہے۔

حسنین جمیل 17 سال سے صحافت سے وابستہ ہیں۔ وہ افسانوں کی تین کتابوں؛ 'کون لوگ'، 'امرتسر 30 کلومیٹر' اور 'ہجرت' کے مصنف ہیں۔