این اے 15 مانسہرہ سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور

اعتراض میں درخواست کی گئی تھی کہ نواز شریف کے خلاف 5 جج فیصلہ دے چکے ہیں، سپریم کورٹ انہیں تاحیات نااہل کرچکی ہے لہذا نواز شریف کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔

این اے 15 مانسہرہ سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور

مانسہرہ کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 15 سےمسلم لیگ ن قائد میاں نوازشریف کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔ ریٹرننگ افسر نے مانسہرہ سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی پر دائر اعتراضات کو مسترد کردیا۔

پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے این اے 15 مانسہرہ سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی چیلنج کیے تھے۔

این اے 15 سے نواز شریف کے کاغذات پر اعتراضات پی ٹی آئی کے مقامی رہنما شاہد رفیق نے ریٹرننگ افسر کے پاس داخل کرائے۔

اعظم سواتی کا درخواست میں موقف تھا کہ متعلقہ ریٹرننگ آفیسر مجاز نہیں کہ وہ نواز شریف کو الیکشن کے لیے اہل قرار دیں کیونکہ نواز شریف آئین کی شق 62 (1 او ایف) کے تحت بے ایمان اور کرپشن کے مرتکب پائے گئے اور نواز شریف مجاز نہیں کہ الیکشن لڑ سکیں یا کوئی سرکاری عہدہ رکھ سکیں۔ نواز شریف کو سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے تاحیات نااہل قرار کر رکھا ہے۔ لہذا نواز شریف کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔

ریٹرننگ افسر حاجرہ سمیع نے کاغذات نامزدگی پر دائر اعتراضات پر سماعت کی جس میں دونوں جانب سے وکلا کے دلائل مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔

ریٹرننگ افسر نے کچھ دیر بعد فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی کے اعتراضات کو مسترد کردیا اور نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کرلی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نواز شریف کے کاغذات نامزدگی لاہور کے حلقہ این اے 130 سے منظور کیے گئے تھے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما بلال یاسین نے دعویٰ کیا تھا کہ این سے 130 لاہور سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے کاغذات پر کسی نے کوئی اعتراض دائر نہیں کیا۔

بلال یاسین کا کہنا تھا کہ حکام نے میرے بھی کاغذات منظور کرلیے گئے ہیں۔

نوازشریف نے لاہور کے حلقے این اے 130سے نامزدگی جمع کرائے جہاں ان کا مقابلہ پی ٹی آئی کی رہنما یاسمین راشد سے ہوگا۔