خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلیوں کے اجلاس آج طلب

حلف برداری کے بعد سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی 5 بجے تک سیکرٹری اسمبلی کے پاس جمع کرائے جائیں گے۔

خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلیوں کے اجلاس آج طلب

خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلیوں کا اجلاس آج ہو گا۔ دونوں اسمبلیوں کے اجلاس کے لیے ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔

 صوبائی اسمبلی کے 115 نو منتخب اراکین آج حلف اٹھائیں گے جن  کی حلف برداری کے لیے اجلاس آج صبح 11 بجے طلب کیا گیا تھا جو تاحال شروع نہیں ہوسکا ہے۔  تلاوت کلام پاک کے بعد نومنتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے اور حاضری رجسٹرڈ پر دستخط کریں گے۔

حلف برداری کے بعد سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی 5 بجے تک سیکرٹری اسمبلی کے پاس جمع کرائے جائیں گے۔

سنی اتحاد کونسل نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں سپیکر کے لیے بابر سلیم سواتی اور ڈپٹی سپیکر کے لیے ثریا بی بی کو نامزد کردیا۔

 سنی اتحاد کونسل نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے لیے سپیکر اور ڈپٹی سپیکرکی نامزدگی میں ردوبدل کردیا۔

سپیکر کے لیے نامزد سلیم سواتی مانسہرہ سے منتخب ہوئے ہیں جبکہ ڈپٹی سپیکر کے لیے نامزد ثریا بی بی چترال سے منتخب ہوکر اسمبلی میں پہنچی ہیں۔

اس سے قبل اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ کا نام سپیکر کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

دوسری جانب بلوچستان اسمبلی کا اجلاس بھی آج ہو گا جس میں 50 سے زائد نومنتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔ اجلاس کی صدارت سپیکر کی عدم موجودگی پر سینئر رکن انجینئر زمرک خان اچکزئی کریں گے۔

واضح رہے کہ سینیٹر سرفراز بگٹی نے سینیٹ کی سیٹ چھوڑ دی جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے سینیٹر پرنس عمر احمد زئی نے بھی سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ دونوں ارکان بلوچستان اسمبلی میں آج بطور ایم پی اے حلف لیں گے جبکہ اختر مینگل نے صوبائی اسمبلی کی نشست چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس کے موقع پر مہمانوں کے اسمبلی میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔اجلاس کی صدارت نو منتخب رکن زمرک خان اچکزئی کریں گے۔

بلوچستان اسمبلی کے آج ہونے والے پہلے اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ اسمبلی کے اطراف میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر متاثر ہے۔