ڈاکٹر نے مجھے ایسا ٹیکا لگایا کہ نرسیں حوریں نظر  آنے لگیں، عمران خان

ڈاکٹر نے مجھے ایسا ٹیکا لگایا کہ نرسیں حوریں نظر  آنے لگیں، عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے ایسا ٹیکا لگنے کا انکشاف کیا ہے جس سے انہیں نرسیں حوریں نظر  آنے لگیں۔

کراچی میں کامیاب نوجوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے انکشاف کیا کہ 2013 میں جب وہ سیڑھی سے گر کر زخمی ہوئے تو شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹر عاصم نے ایسا ٹیکا لگایا کہ درد دور ہو گیا اور نرسیں حوریں نظر آنے لگیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے تقریر بھی کر دی جو مجھے یاد نہیں، درد دوبارہ ہونے لگا تو ڈاکٹر سے کہا کہ ایک ٹیکا اور لگاؤ۔ ڈاکٹر کو دھمکی دی کہ ٹیکا لگاؤ ورنہ تمھیں چھوڑوں گا نہیں مگر ڈاکٹر نے ٹیکا نہ لگایا۔



وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ میرٹ ٹیلنٹ کو اوپر لے کر جاتا ہے، جو معاشرہ میرٹ پر عمل نہیں کرتا وہ پیچھے رہ جاتا ہے۔ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن دنیا کا مقابلہ نہیں کر سکتے، ہم سفارشی کلچر کی وجہ سے پیچھے رہ گئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین آج دنیا کی بڑی معیشت ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ 30 سال قبل جو بھی پیسا خرچ کیا وہ اپنے غریب عوام کو غربت سے نکالنے کیلئے خرچ کیا، 70 کروڑ عوام کو غربت سے نکالا۔ ملک ترقی تب کرتا ہے جب دولت غریب طبقے کو اوپر اٹھانے کیلئے خرچ کی جائے، ہمارا احساس پروگرام 200 ارب کا ہے، جس میں ہم غریبوں پر پیسا خرچ کر رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ میرا آخری خواب یہ ہے کہ پاکستان کو عظیم ملک بناؤں جو قائد اعظم اور علامہ اقبال کا خواب تھا، انشااللہ کر کے دکھاؤں گا، ابھی مشکل وقت ہے، ابھی قوم کی آزمائش کا وقت ہے۔